”تیرے بنا دل نہ لگے “کوہلی نے بورڈ سے غیر ملکی دوروں پر اہلیہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت مانگ لی

کوہلی چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کی بیگمات پوری سیریز میں ساتھ رہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 8 اکتوبر 2018 12:24

”تیرے بنا دل نہ لگے “کوہلی نے بورڈ سے غیر ملکی دوروں پر اہلیہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت مانگ لی
نئی دہلی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 اکتوبر 2018ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے غیر ملکی دوروں پر کھلاڑیوں کو اپنی اہلیہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔بھارتی کرکٹر اور کپتان ویرات کوہلی اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کی شادی طویل عرصہ رفاقت میں رہنے کے بعد گزشتہ سال دسمبر میں ہوئی ہے اور دونوں ہی سٹارز اپنے اپنے شعبوں میں کام میں مشغول ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ویرات کوہلی نے فیملی کو وقت دینے کے لیے ایشیا ءکپ میں شرکت نہیں کی تھی جس کے بعد اب انہوں نے بورڈ کو درخواست دے کر حیران کردیا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ انوشکا اپنے شوہر ویرات کوہلی کو اکیلا نہیں چھوڑنا چاہتی ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ ویرات کوہلی نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر ملکی دوروں پر کھلاڑیوں کو اپنی اہلیہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت دے دی جائے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے پالیسی میں تبدیلی کے لیے رابطہ کیا ہے جس کی تصدیق بورڈ حکام نے کی ہے جب کہ بورڈ نے اس معاملے پر ٹیم مینجمنٹ سے رائے مانگ لی ہے۔بورڈ کا کہنا ہے کہ پالیسی میں تبدیلی کے لیے ٹیم منیجر باقاعدہ درخواست دے گا جس کے بعد ہی کوئی پیشرفت کی جائے گی۔یاد رہے کہ بھارتی ٹیم میں شامل کھلاڑی اس وقت اپنی اہلیہ کو دو ہفتے تک کسی بھی غیر ملکی دورے پر اپنے ساتھ رکھ سکتے ہیں جب کہ ویرات کوہلی چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کی بیگمات پوری سیریز میں ساتھ رہیں۔

حالیہ دورہ انگلینڈ میں کوہلی کو انوشکا کے ساتھ گھومنے پھرنے پر تنقید کا بھی نشانہ بنایا گیا تھا جب کہ ان کی لندن میں بھارتی سفیر کے ساتھ ملاقات کے بعد ٹیم کے ہمراہ تصاویر بھی سامنے آئیں تھیں جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انتہائی برہمی کا اظہار کیا تھا ۔
وقت اشاعت : 08/10/2018 - 12:24:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :