شاہد آفریدی بھی محمد عباس کے ”دیوانے“ ہو گئے

عباس کی شکل میں ہمیں ہیرا مل گیا ہے:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 18 اکتوبر 2018 14:38

شاہد آفریدی بھی محمد عباس کے ”دیوانے“ ہو گئے
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر2018ء) نوجوان فاسٹ باﺅلر محمد عباس آسٹریلیا کیخلاف شاندار کارکردگی کے باعث خوب دادیں وصول کر رہے ہیں اور اب قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی بھی ان کی عمدہ کارکردگی کے قائل ہو گئے ہیں۔انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ”محمد عباس کی صورت میں ہمیں اصلی ہیرا مل گیا ہے جنہوں نے شاندار باﺅلنگ کی، انہوں نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی وکٹوں پر حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور امید ہے کہ وہ یہ سلسلہ برقرار رکھیں گے۔

پاکستانی ٹیم کو 400 سے زائد رنز کا ہدف دینا چاہئے کیونکہ یہ میچ جیتنے کیلئے ہمارے پاس بہترین باﺅلنگ ہے، ایسے ہی آگے بڑھتے رہو لڑکوں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ محمد عباس ٹیسٹ کرکٹ میں عمدہ باﺅلنگ کی دھاک بٹھانے لگے، وہ ابتدائی 10 ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 54وکٹیں لینے والے پاکستانی پیسر بھی بن گئے ہیں۔ابوظہبی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی ایک اننگز باقی اور عباس اپنے ریکارڈ کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں، انھوں نے اب تک 16.66 کی اوسط سے وکٹیں لی ہیں، یوں وہ 50 وکٹوں کی تکمیل کے دوران بہترین اوسط میں وقار یونس سے بھی آگے نکل گئے جنھوں نے17.77 کی ایوریج سے وکٹوں کی ففٹی بنائی تھی۔

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان بھی پاکستانی فاسٹ باﺅلر محمد عباس کی صلاحیتوں کے گرویدہ ہوگئے، انھوں نے کہاکہ وہ مجھے بھی سامنے آنے پر ہر بار آﺅٹ کردیتے۔ ابوظبی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں عباس نے آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں 33 رنز پر 5 وکٹیں اڑائیں۔مائیکل وان نے کہاکہ میں ایک برس سے محمد عباس کو دیکھ رہا ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی پیسر مجھے ہر بار صرف 6 گیندوں کے اندرپویلین بھیج دیتے۔
وقت اشاعت : 18/10/2018 - 14:38:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :