کرکٹ کی تاریخ بد ل گئی،ایک اوور میں43رنز کا نیا ریکارڈ قائم

فور ڈ ٹرافی میں جو کارٹر اور بریٹ ہیمپٹن نے نیا لسٹ اے ریکارڈ بنا ڈالا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 7 نومبر 2018 14:15

کرکٹ کی تاریخ بد ل گئی،ایک اوور میں43رنز کا نیا ریکارڈ قائم
ہیملٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7نومبر2018ء) کرکٹ اب تبدیل ہورہی ہے اور رن ریٹس میں بھی اضافہ ہورہا ہے تاہم بدھ کے روز نیوزی لینڈ کے ون ڈے ٹورنامنٹ فور ڈ ٹرافی میں ہیملٹن کے مقام پر ناردرن ڈسٹرکٹس کے جو کارٹر اور بریٹ ہیمپٹن نے ایک اوور میں 43رنز بٹور کر نیا لسٹ اے ریکارڈ بنا ڈالا ۔ دونوں کھلاڑیوں نے سینٹرل ڈسٹرکٹس کے فاسٹ باﺅلر ولم لیو ڈک کے خلاف یہ کارنامہ سر انجام دیا ۔

بریٹ ہیمپٹن نے ولم لیوڈ ک کی پہلی گیند کو باﺅنڈری کے باہر بھیج کر چار رنز حاصل کے لیے جس کے بعد لیو ڈ ک نے اگلی دونوں گیندیں نو بالز کیں جنہیں ہیمپٹن نے چھکوں کی صور ت میں باﺅنڈری کے پار پہنچایا،اگلی گیند ہیمپٹن نے ایک بار پھر باﺅنڈری کے باہر بھیجی جس کے بعد انہوں نے لیوڈک کی تیسری گیند پر سنگل لے کر سٹرائیک جو کارٹر کو دی اور اپنامحض پانچواں لسٹ اے میچ کھیلنے والے جو کارٹر نے اگلی تینوں گیندوں پر چھکے رسیدکرکے ریکارڈ بکس میں ہمیشہ کے لیے اپنا نام لکھوا لیا ،سکور بور ڈ پر اس اوور کا احوال کچھ یوں دکھائی دیا” (6،4(نو بال )،6(نو بال )،6،6،6،1)“۔

(جاری ہے)

اس اوور سے قبل ولم لیوڈک نے اپنے پہلے 9اوورز میں42رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی اور اس اوور کے بعد انہوں نے اپنے10اوورز میں85رنز کی مار بر داشت کی ۔دونوں بلے بازوں نے 95رنز پر5وکٹیں گرنے کے بعد چھٹی وکٹ کے لیے 178رنز کر شراکت داری قائم کی ،یہ ناردرن ڈسٹرکس کی جانب سے چھٹی وکٹ کے لیے بنائی گئی سب سے بڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ بنی ،اس سے قبل پیٹر میکلیشن اور بی جے واٹلنگ نے چھٹی وکٹ کے لیے 150رنز جوڑے تھے ، بریٹ ہیمپٹن تو 5رنز کے فرق سے اپنی پہلی لسٹ اے سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے تاہم جو کارٹر نے اپنی سنچری مکمل کرلی۔

اس سے قبل2013ءمیں ڈھاکہ پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں بنگلہ دیشی فرسٹ کلاس کرکٹرعلاﺅ الدین بابو کے ایک اوور میں سابق زمبابوین کپتان ایلٹن چگمبھرا نے39رنز بٹورے تھے۔
وقت اشاعت : 07/11/2018 - 14:15:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :