انگلش ٹیم دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 285 رنز پر آئوٹ، جوز بٹلر اور ثام کیورن کی نصف سنچریاں، دلروون پریرا کی 4 اور پشپاکمارا کی 3 وکٹیں، سری لنکا نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 26 رنز بنا لئے

بدھ 14 نومبر 2018 18:29

انگلش ٹیم دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 285 رنز پر آئوٹ، جوز بٹلر اور ثام کیورن کی نصف سنچریاں، دلروون پریرا کی 4 اور پشپاکمارا کی 3 وکٹیں، سری لنکا نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 26 رنز بنا لئے
کینڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) انگلش ٹیم سری لنکا کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 285 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، جوز بٹلر اور ثام کیورن کے سوا انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی سری لنکن بائولرز کا مقابلہ نہ کر سکا، ثام کیورن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹاپ سکورر رہے، جوز بٹلر 63 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، دلروون پریرا نے 4 اور پشپاکمارا نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں سری لنکن ٹیم نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 26 رنز بنا لئے تھے اور میزبان ٹیم کو حریف انگلش ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 259 رنز درکار ہیں، کرونارتنے 19 اور پشپاکمارا ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو کینڈی میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جوروٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو انگلش ٹیم 285 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، مہمان ٹیم کا آغاز مایوس کن تھا اور 7 کے سکور پر اسے کیٹن جیننگز کا نقصان اٹھانا پڑا جو صرف 1 رن بنا سکے، بین سٹوکس بھی بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور 19 رنز بنا کر پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، 65 کے سکور پر کپتان جوروٹ 14 رنز بنانے کے بعد پشپاکمارا کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، جوئے برنز کے 43 کے انفرادی سکور پر دانن جایا نے نشانہ بنایا، معین علی 10 رنز بنا کر چلتے بنے، انہیں پشپاکمارا نے ایل بی ڈبلیو کیا، 165 کے سکور پر انگلینڈ کی چھٹی وکٹ گری جب بین فوکس 19 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، جوز بٹلر نے 63 رنز بنانے کے بعد پشپاکمارا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، ثام کیورن نے عادل رشید کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 216 کے سکور پر دلروون پریرا نے رشید کو آئوٹ کر کے پارٹنرشپ توڑ دی، رشید نے 31 رنز بنائے، لیچ 7 رنز بنا سکے، اس کے بعد کیورن نے جارحانہ انداز اپنایا، انہوں نے 6 چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی اور پریرا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، دلروون پریرا نے 4، پشپاکمارا نے 3، دانن جایا نے 2 اور سرنگا لکمل نے ایک وکٹ لی۔

جواب میں سری لنکن ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 26 رنز بنا لئے تھے اور اسے مہمان انگلش ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 259 رنز درکار ہیں، کوشل سلوا ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، دیمتھ کرونارتنے 19 اور پشپاکمارا ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، لیچ نے ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 14/11/2018 - 18:29:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :