چیف آف دی نےول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ 2018 ، 6تا 10 دسمبر تک پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میںکھیلی جائے گی

انٹر نیشنل رینکنگ کی حامل یہ چیمپئن شپ 23 میچزپر مشتمل ہے

بدھ 5 دسمبر 2018 01:09

چیف آف دی نےول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ 2018 ، 6تا 10 دسمبر تک پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میںکھیلی جائے گی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 دسمبر2018ء) چیف آف دی نےول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ 2018 ، 6تا 10 دسمبر تک پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میںکھیلی جائے گی،انٹر نیشنل رینکنگ کی حامل یہ چیمپئن شپ 23 میچزپر مشتمل ہے ۔ ٹورنامنٹ کی میڈیا بریف 4 دسمبر2018 کوپاکستان نیوی اسکواش کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ ٹورنامنٹ ڈائرےکٹر کموڈور حبیب الرحمن نے تقریب میں شامل میڈیا کے نمائندگان کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایاکہ پہلا سی اےن اےس اسکواش ٹورنامنٹ سنہ 2000 میں 6000 ڈالر کی انعامی رقم کے ساتھ منعقد کیا گیا تھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ انعامی رقم بڑھائی گئی تاکہ اسکواش کے کھیل کو فروغ دیا جا ئے اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو اس کورٹ میں لا یا جائے۔ اس سال چیمپئن شپ کی انعامی رقم 18000 ڈالر رکھی گئی ہے۔

(جاری ہے)

​چیف آف دی نےول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ کا شمار بین الاقوامی رینکنگ پوائنٹس رکھنے والے مقابلوں میں ہوتا ہے جس میںرواں برس بہترین قومی اور بین الاقوامی کھلاڑی شرکت کریں گے۔

12 مقامی جبکہ 12 بین ا لاقوامی کھلاڑی اس سال مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں۔ بین الاقوامی کھلاڑیوں کا تعلق ایران، مصر، ملا ئشیا، قطر ، میکسیکو، ہانگ کانگ، کویت اور پرتگال سے ہے۔ ​قیام پاکستان سے ہی پاک بحریہ کا اسکواش کے کھیل کے ساتھ گہرا تعلق ہے،پاک بحریہ میں اسکواش کے کھیل کا آ غاز منوڑہ میں ایک سنگل کورٹ سے ہوا تاہم پاک بحریہ کی اس کھیل کے ساتھ لگن کے باعث سنگل کورٹ سے بین الاقوامی معیار کا اسکواش کمپلیکس معرض وجود میں آیا ۔

پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس اسکواش کے دو عظیم کھلاڑیوں سے منسوب کیا گیا ہے اس کمپلیکس کا افتتاح 19 جون1991 کوہوا۔ ​ ​میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کموڈور حبیب الرحمن نے کہا کہ مملکت خدا داد کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا ایک مثبت پہلو اجاگر کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہتی ہے اور اسی سلسلے میں ایسے کثیر القومی مقابلے / تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔

یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ملک میں امن اور استحکام کی بحالی اور ملک کا مثبت تاثر اجاگر کرنے میں میڈیا کا ایک اہم کردار رہا ہے اور اس وقت بھی ملک کی ترقی میں میڈیا ایک کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے موجودہ حالات میں ملک کے مثبت اور بہترپہلو دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت پربھی زور دیا جس میں کھیل نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ​ملک میںاسکواش کے فروغ اور چیف آف دی نےول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ کے انعقاد کے لیے انتھک کوششوں پر ٹورنامنٹ ڈائیریکٹر نے پاکستان اسکواش فیڈریشن اور اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔
وقت اشاعت : 05/12/2018 - 01:09:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :