محمد حفیظ کا ٹیسٹ کیریئر اختتام پذیر، آل رائونڈر آخری میچ کو یادگار نہ بنا سکے

جمعہ 7 دسمبر 2018 17:23

محمد حفیظ کا ٹیسٹ کیریئر اختتام پذیر، آل رائونڈر آخری میچ کو یادگار نہ بنا سکے
ابوظہبی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2018ء) پاکستانی ٹیم کے آل رائونڈر محمد حفیظ کا نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ کے ساتھ ہی کیریئر بھی اختتام پذیر ہو گیا، آل رائونڈر کیریئر کے آخری میچ کو یادگار نہ بنا سکے، پہلی اننگز میں صفر پر آئوٹ ہوئے تھے جبکہ دوسری اننگز میں صرف 8 رنز بنا کر چلتے بنے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں سنچری بنانے کے بعد 38 سالہ بلے باز حفیظ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بقیہ میچز میں خاطرخواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے، نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں ان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صفر پر آئوٹ ہونے کے بعد حفیظ نے متواتر ناکامیوں سے دلبرداشتہ ہو کر ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

کیویز کے خلاف فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز ساتھی کرکٹرز نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ امید تھی کہ حفیظ کیریئر کی آخری اننگز کو یادگار بنائیں گے لیکن وہ صرف 8 رنز ہی بنا سکے، انہیں ٹم سائوتھی نے آئوٹ کیا۔ حفیظ نے 55 ٹیسٹ میچز میں 3652 رنز کیساتھ کیریئر کا اختتام کیا جس میں ان کی 10سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں شامل ہیں، 224 ان کے کیریئر کی بہترین اننگز تھی، اس کے علاوہ انہوں نے 53 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 07/12/2018 - 17:23:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :