پی ایس ایل 4، کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرزکو 3وکٹوں سے شکست دیدی

سرفراز احمد کی قائدانہ اننگز،ناقابل شکست52رنز بنائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 23 فروری 2019 20:18

پی ایس ایل 4، کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرزکو 3وکٹوں سے شکست دیدی
شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23فروری 2019ء) پی ایس ایل کے بارہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرزکو3وکٹوں سے شکست دیدی ہے ۔ لاہور قلندرز کے144رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے احسن علی اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا تاہم واٹسن بغیر کوئی رن بنائے راحت علی کا شکار بن گئے ، رائلی روسوو اور احسن علی نے دوسری وکٹ کے لیے25رنز جوڑے جس کے بعد روسوو17رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے، عمرا کمل صرف 9رنز بنا کر حارث رﺅف کی گیند پر پوویلین لوٹے،احسن علی40رنز سکور کرنے کے بعد لامیچن کی گیند پر بولڈ ہوئے ،ڈوین سمتھ2رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوگئے ،محمد نوازاور سرفراز احمد نے چھٹی وکٹ کے لیے 54رنز جوڑے جس کے بعد نواز19رنز بنا کر حارث کا شکار بنے،انور علی ایک رن بنا کر بولڈ ہوئے،سرفرازا حمد نے آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو کامیابی دلائی ۔

(جاری ہے)

شارجہ میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے بارہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی، فخرزمان اور سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا تو جمعے کو کھیلے جانےوالے میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانےوالے فخر زمان آج محض 3 رنز بنا کر محمد نواز کا شکار بن گئے۔

سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا یافتہ سلمان بٹ ایک بار پھر ناکام رہے اور5رنز بنا کر غلام مدثر کا شکار بن گئے،سہیل اختر نے21گیندوں پر1چوکے اور3چھکوں کی مدد سے29رنز سکور کیے جس کے بعد وہ غلام مدثر کی دوسری وکٹ بنے،کورے اینڈرسن اور ڈیویلیئرز نے چوتھی وکٹ کے لیے37رنز جوڑے جس کے بعد کورے اینڈرسن19رنز بنا کر انور علی کا شکار بنے،ڈیویلیئرز اور ویئز نے پانچویں وکٹ کے لیے40رنز جوڑے جس کے بعد ویئز20رنز بنا کر سہیل تنویر کا شکار بن گئے ،گوہر علی5رنز بنا کر غلام مدثر کا تیسرا شکار بنے،یاسر شاہ ایک رن بنا کر سہیل تنویر کے ہاتھوں پوویلین لوٹے، اے بی ڈی ویلیئرز 45 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے غلام مدثر نے 3، سہیل تنویر نے 2 جب کہ محمد نواز اور انور علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 23/02/2019 - 20:18:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :