کرسٹیانو رونالڈو فیفا ورلڈ کپ 2018 کے بعد پہلی مرتبہ اپنی قومی ٹیم کی جانب سے کھیلیں گے

رونالڈو کے ساتھ اطالوی کلب یووینٹس میں کھیلنے والے پرتگالی ڈیفینڈر جاو کینسیلو نے ان کی قومی ٹیم میں واپسی پر خوشی کا اظہار

ہفتہ 23 مارچ 2019 14:37

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) ارجنٹینا کے لیونل میسی اور پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو فیفا ورلڈ کپ 2018 کے بعد پہلی مرتبہ اپنی قومی ٹیم کی جانب سے کھیلیں گے۔غیر ملکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق لیونل میسی 29 مارچ کو میڈرڈ میں وینیزویلا کے خلاف دوستانہ میچ کا حصہ بنیں گے ،رونالڈو پرتگال اوپننگ یورو 2020 کوالیفائر میں ہوم گراؤنڈ (لسبون) میں یوکرین کے خلاف میچ کھیلیں گے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ کے بعد سے 6 عالمی میچز میں شرکت نہیں کی تھی۔واضح رہے کہ رونالڈو کی قومی ٹیم پرتگال قومی لیگ کے سیمی فائنل میں ان کے بغیر پہنچ چکا ہے،34 سالہ رونالڈو نے 154 عالمی میچز میں 85 گولز کر رکھے ہیں اور وہ 25 مارچ کو سربیا میں پرتگال کے کھیل کا حصہ بھی بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

رونالڈو کے ساتھ اطالوی کلب یووینٹس میں کھیلنے والے پرتگالی ڈیفینڈر جاو کینسیلو نے ان کی قومی ٹیم میں واپسی پر خوشی کا اظہار کیا۔

انہوںنے کہاکہ کرسٹیانو کسی بھی ٹیم میں جان ڈالتے ہیں، ان کے ساتھ کھیلنے کی خوشی ہے، وہ ہمارے لیے بہت اہم ہیں۔ دوسری جانب 31 سالہ میسی نے 128 میچز میں 65 گولز کیے ہیں۔ارجنٹینا ٹیم کے سربراہ لیونل شالونی نے میسی کی قومی ٹیم میں واپسی پر کہا کہ میرے لیے اور سب کے لیے بہت خوشی کی بات ہے کہ وہ واپس آگئے، ہم سب بہت خوش ہیں۔انٹرنیشنل فٹبال سے خودساختہ علیحدگی اختیار کرنے والے میسی کی واپسی کی خبر پر وینیزویلا کے کوچ رافائل ڈوڈامیل نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔انہوںنے کہاکہ دنیا کے بہترین کھلاڑی کی موجودگی سے کھیل کی امیدیں مزید بڑھیں گی۔
وقت اشاعت : 23/03/2019 - 14:37:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :