سابق قومی کپتان ناکامیوں میں گھرے محمد عامر کے حمایتی

وسیم ،وقار اور رمیز راجہ نے لیفٹ آرم پیسر کو اپنے اپنے ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کرلیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 اپریل 2019 15:25

سابق قومی کپتان ناکامیوں میں گھرے محمد عامر کے حمایتی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11اپریل 2019ء) سابق قومی کرکٹرز ناکامیوں کے بھنور میں پھنسے محمد عامر کی حمایت پر کمر بستہ ہیں اور ماضی کے دو سپرسٹارز وسیم اکرم اور وقار یونس کے علاوہ رمیز راجہ نے بھی بائیں ہاتھ کے پیسر کو اپنے منتخب کردہ ورلڈ کپ سکواڈز میں شامل کرلیا ہے۔وسیم اکرم نے اپنی منتخب الیون میں عمر اکمل کو بھی شامل کیا جن کا نام 23 ممکنہ پلیئرز میں بھی شامل نہیں جبکہ محمد حسنین بھی ان کا انتخاب ہیں لیکن انہوں نے عثمان شنواری کو نظر انداز کرتے ہوئے 26 سالہ پیسر محمد عامر پر بھروسہ جتاتے ہوئے واضح کیا کہ وہ مستقبل کے پاکستانی کپتان بھی بن سکتے ہیں اور انگلینڈ میں ان کی کارکردگی بہتر ہو جائےگی۔

وسیم اکرم کی طرح وقار یونس نے بھی اپنے سکواڈ میں محمد حفیظ ،وہاب ریاض کے علاوہ محمد عامر کو شامل کرنا لازمی سمجھا جو کسی بھی قسم کے حالات میں ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق بیٹسمین بازید خان نے اپنے سکواڈ میں محمد عامر کے بجائے عامر یامین،جنید خان اور محمد عباس پر بھروسہ کیا تاہم سابق قومی کپتان رمیز راجہ بھی محمد عامر کی اپنے سکواڈ میں شمولیت پر مجبور ہوئے حالانکہ انہوں نے محمد رضوان،عابد علی اور جنید خان کو بھی شامل کیا۔

واضح رہے کہ محمد عامر گزشتہ 14 ون ڈے میچوں میں محض 5 وکٹیں ہی لے سکے اور انہیں چیمپئنز ٹرافی کے بعد سے فارم کے مسائل درپیش ہیں لیکن ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی طرح ماضی کے پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی بھروسہ ہے کہ محمد عامر انگلش سرزمین پر فارم کی بحالی کے ساتھ پاکستانی فتوحات کا حصہ بن سکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 11/04/2019 - 15:25:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :