افغانستان نے ورلڈ کپ کیلئے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا ،قیادت گلبدین نائب کریں گے

پیر 22 اپریل 2019 13:55

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) افغانستان نے ورلڈ کپ کیلئے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا ،اسکواڈ کی قیادت گلبدین نائب کریں گے۔اسکواڈ میں 31 سالہ فاسٹ باؤلر حامد حسن کی واپسی ہوئی ہے ۔15 رکنی اسکواڈ کا اعلان جنوبی افریقہ میں لگائے گئے ٹریننگ کیمپ کے بعد کیا گیا جہاں علی خیل، کریم جنت اور سید شیرزاد اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے البتہ انہیں ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر رکھا گیا ہے۔

سلیکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ اسکواڈ کو گزشتہ 6 ماہ کی فٹنس اور کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا گیا اور ٹورنامنٹ کی طوالت کو دیکھتے ہوئے شہزاد کے بیک اپ کے طور پر وکٹ کیپر اکرام کو منتخب کیا گیا ہے۔چیف سلیکٹر دولت خان احمد زئی نے کہا کہ ہمیں چند چیلنجز کا سامنا تھا لیکن ہم نے فٹنس، تجربے، کارکردگی، ٹیم کے توازن اور کنڈیشنز جیسے عوامل کو دیکھتے ہوئے ایک بہترین اسکواڈ کا انتخاب کیا۔

(جاری ہے)

عالمی کپ 2019 کیلئے افغانستان کے اسکواڈ میں گلبدین نائب (کپتان)، محمد شہزاد، نور علی زدران، حضرت اللہ زازئی، رحمت شاہ، اصغر افغان، حشمت اللہ شاہدی، نجیب اللہ زدران، سمیع اللہ شنواری، محمد نبی، راشد خان، دولت زدران،آفتاب عالم، حامد حسن اور مجیب الرحمن شامل ہیں۔یاد رہے کہ 2 ماہ قبل اصغر افغان کو قیادت سے ہٹانے اور گلبدین نائب کو قیادت سونپنے پر سینئر کھلاڑیوں محمد نبی اور راشد خان نے شدید تنقید کی تھی لیکن افغانستان کرکٹ بورڈ نے اس کے باوجود گلبدین کو کپتان برقرار رکھا ہے۔
وقت اشاعت : 22/04/2019 - 13:55:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :