سیمونا ہالپ، سٹیفنز، کیکی برٹنز اور بلیندا میڈرڈ اوپن ٹینس ویمنز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئیں

جمعہ 10 مئی 2019 15:31

سیمونا ہالپ، سٹیفنز، کیکی برٹنز اور بلیندا میڈرڈ اوپن ٹینس ویمنز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئیں
میڈرڈ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2019ء) سیمونا ہالپ، سٹیفنز، کیکی برٹنز اور بلیندا بنکک میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ جاپان کی ٹاپ سیڈڈ نائومی اوساکا، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا اور آسٹریلین بارٹے کوارٹر فائنل مرحلے میں ہار کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئیں۔ سپین میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل میچز میں رومانیہ کی سیمونا ہالپ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ایشلے بارٹے کو سٹریٹ سیٹس میں 7-5 اور 7-5 سے ہرا کر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

(جاری ہے)

امریکن سلونی سٹیفنز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کروشین حریف کھلاڑی پیٹرا مارٹک کو 6-4 اور 6-3 سے مات دی اور سیمی فائنل میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ ہالینڈ کی کیکی برٹنز نے نمایاں کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ کھلاڑی پیٹرا کویٹووا کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-3 سے ہرا کر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ایک اور میچ میں سوئس کھلاڑی بلیندا بنکک نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کی نامور ٹینس سٹار اور ٹاپ سیڈڈ نائومی اوساکا کو 3-6، 6-2 اور 7-5 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔
وقت اشاعت : 10/05/2019 - 15:31:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :