ٹیم مینیجمنٹ کا فخر زمان کو ڈراپ کرنے کا انوکھا فیصلہ

جارح مزاج اوپننگ بلے باز کی جگہ شعیب ملک ٹیم کا حصہ ہوں گے، جبکہ وہاب ریاض کی جگہ حسن علی کی ٹیم میں واپسی ہوگی

muhammad ali محمد علی جمعرات 4 جولائی 2019 21:57

ٹیم مینیجمنٹ کا فخر زمان کو ڈراپ کرنے کا انوکھا فیصلہ
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جولائی2019ء) ٹیم مینیجمنٹ کا فخر زمان کو ڈراپ کرنے کا انوکھا فیصلہ، جارح مزاج اوپننگ بلے باز کی جگہ شعیب ملک ٹیم کا حصہ ہوں گے، جبکہ وہاب ریاض کی جگہ حسن علی کی ٹیم میں واپسی ہوگی۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق کل بنگلہ دیش کے خلاف شیڈول میچ کیلئے فاسٹ باولر وہاب ریاض اور جارح مزاج اوپننگ بلے باز فخر زمان کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وہاب ریاض انجری کا شکار ہیں جس باعث کل کے میچ میں ان کی شرکت پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ جبکہ فخر زمان کو مایوس کن کارکردگی کے باعث ٹیم سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وہاب ریاض اور فخر زمان کی جگہ حسن علی، شعیب کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ جبکہ اگر وکٹ باولرز کیلئے سازگار ہوئی تو محمد حسنین کو بھی موقع مل سکتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بہت کم ہیں، تاہم اس کے باوجود ٹیم نے ہمت نہیں ہاری ہے۔

سرفراز احمد کہتے ہیں کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ کیلئے بھرپور تیاری کی جا رہی ہے۔ اگر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کا موقع ملتا ہے تو کوشش کریں گے کہ 500 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو جلد سے جلد آوٹ کرنے کی کوشش کریں۔ یہاں یہ بات ذہن نشین رہے کہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے ایک چھوٹی سی امید پھر بھی باقی ہے۔ پاکستان کی بنگلہ دیش کیخلاف بڑے مارجن سے فتح قومی ٹیم کیلئے امکان پیدا کر سکتی ہے۔

تاہم اس کیلئے قومی ٹیم کو بنگلہ دیش کیخلاف تاریخی فتح حاصل کرنا ہوگی۔ بنگلہ دیش کیخلاف پاکستان کو 316 رنز کے مارجن سے فتح حاصل کرنا ہوگی۔ یعنی اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتا ہے تو اسے 400 رنز بنانے کے بعد بنگلہ دیش کو 84 رنز پر آوٹ کرنا ہوگا۔ اور اگر پاکستان 500 رنز بناتا ہے تو بنگلہ دیش کو 184 رنز پر آوٹ کرنا ہوگا۔ تب ہی پاکستان کا رن ریٹ نیوزی لینڈ سے بہتر ہو پائے گا، اور پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔

تاہم اگر بنگلہ دیش پاکستان کیخلاف ٹاس جیت گیا اور اس نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو ورلڈکپ میں پاکستان کا سفر اسی وقت تمام ہو جائے گا۔ پہلے باولنگ کرنے کی صورت میں پاکستان کسی طرح سے بھی اپنا رن ریٹ نیوزی لینڈ سے بہتر نہیں کر پائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم بارہویں آئی سی سی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنا نواں اور آخری میچ جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔

یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر لندن میں شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کیلئے یہ میچ جیتنا انتہائی ضروری ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے بنگلہ دیش کے خلاف کل ہونے والے میچ میں ہر صورت کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ پاکستان کی ٹیم آٹھ میچز کھیل کر ٹیبل پر 9 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم میگا ایونٹ کی سیمی فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے کیونکہ بنگلہ دیش کی ٹیم آٹھ میچ کھیل کر 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔
وقت اشاعت : 04/07/2019 - 21:57:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :