کین ولیمسن اور اکیلا دانن جایا کے بائولنگ ایکشن مشکوک قرار

منگل 20 اگست 2019 16:55

کین ولیمسن اور اکیلا دانن جایا کے بائولنگ ایکشن مشکوک قرار
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن اور سری لنکن سپنر اکیلا دانن جایا کے بائولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دے دیا گیا۔ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں دونوں کرکٹرز کے بائولنگ ایکشن کو رپورٹ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق میچ آفیشلز نے نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ولیمسن اور اکیلا دانن جایا کے بائولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیتے ہوئے دونوں ٹیموں کی مینجمنٹ کو رپورٹ کر دی ہے۔

آئی سی سی کے قوانین کے مطابق ایکشنز رپورٹ ہونے کے بعد اب دونوں کھلاڑیوں کو 14 روز میں بائولنگ ایکشن ٹیسٹ دینا ہو گا تاہم ایکشن کی رپورٹ آنے تک وہ بائولنگ جاری رکھ سکیں گے۔ دانن جایا نے پہلی اننگز میں 5 وکٹیں لیکر سری لنکن ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ ولیمسن نے صرف تین اوورز کرائے تھے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ولیمسن اور دانن جایا کے بائولنگ ایکشنز کو غیرقانونی قرار دیا جا چکا ہے، ولیمسن کا 2014ء اور دانن جایا کا 2018ء میں ایکشن رپورٹ ہوا تھا۔
وقت اشاعت : 20/08/2019 - 16:55:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :