پی سی بی آئین میں ترامیم کی معطلی،ڈومیسٹک کرکٹ سیزن پر دھند چھا گئی

27اگست کو عدالتی ریلیف نہ مل سکا تو مقابلوں کے بروقت انعقاد میں مشکلات ہوسکتی ہیں :ذرائع پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 26 اگست 2019 15:00

پی سی بی آئین میں ترامیم کی معطلی،ڈومیسٹک کرکٹ سیزن پر دھند چھا گئی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26اگست 2019ء) عدالتی احکامات پر پی سی بی آئین میں ترامیم کے معطل کئے جانے کے بعد آئندہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن پر دھند چھا گئی ہے۔نئے فارمولے کے تحت چھ صوبائی ٹیموں کی تشکیل کا معاملہ بھی لٹک گیا۔ذرائع کے مطابق 27 اگست کو بورڈ کے حق میں عدالتی فیصلہ سامنے نہیں آیا تو ڈومیسٹک مقابلوں کے بروقت انعقاد میں مشکلات حائل ہوسکتی ہیں۔

پی سی بی ملک بھر میں ڈومیسٹک سیزن ستمبر کے دوسرے ہفتے میں شروع کرنےکا خواہشمند ہے تاہم حالیہ صورتحال سے فرسٹ کلاس کھلاڑیوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے جمعے کو پی سی بی کے آئین میں ترامیم سے متعلق وفاقی حکومت کے 19 اگست کے جاری کردہ نوٹی فکیشن سمیت 2015 ءسے 2019 ءتک مختلف اوقات میں جاری کئے گئے نوٹی فکیشنز پر عمل درآمد معطل کرتے ہوئے بورڈ کو نوٹس جاری کئے ہیں جس میں متعلقہ حکام سے 27 اگست کو تحریری جواب طلب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس شاہد مبین نے کرکٹ بورڈ کے آئین میں ترامیم اور دیگر احکامات کیخلاف متفرق درخواستوں کی سماعت کی تھی۔ پی سی بی کی جانب سے نئے سٹرکچر کے تحت چھ صوبائی ٹیموں پر مشتمل ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز ستمبر کے دوسرے ہفتے میں کرنے کی تیاریاں کی جارہی تھیں اور اس سلسلے میں تمام ٹیموں کیلئے 32، 32 کھلاڑیوں کے انتخاب کی ذمہ داری سابق کپتان مصباح الحق، راشد لطیف اور ندیم خان کو سونپی گئی تھی تاہم حتمی سکواڈز کا اعلان ہونے سے قبل ہی لاہور ہائی کورٹ کا حکم سامنے آ گیا ہے اور پی سی بی آئین میں ترامیم کے معاملے پر کوئی فیصلہ ہونے تک ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچے کے حوالے سے پیش رفت نہیں ہوسکے گی۔

ذرائع کے مطابق 27 اگست کو بورڈ آئین سے متعلق کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا تو ڈومیسٹک مقابلوں کے بروقت انعقاد پرسوالیہ نشان لگا رہے گا۔ عدالت نے فی الحال پرانے سیٹ اپ کو برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے جبکہ وسیم خان کی ایم ڈی کے بجائے بطور چیف ایگزیکٹو تقرری بھی معطل ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئین میںترامیم کو معطل کئے جانے کے بعد پی سی بی نے تمام معاملات کو دیکھنے کیلئے اپنے قانونی ماہرین سے صلاح مشورے بھی شروع کردیئے ہیں تاکہ اگلی سماعت میں بورڈ کے موقف کو بہتر انداز میں پیش کیا جا سکے۔
وقت اشاعت : 26/08/2019 - 15:00:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :