کنگسٹن ٹیسٹ کے پہلے روز بھارت نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا لئے، ویرات کوہلی اور میانک اگروال کی نصف سنچریاں

ہفتہ 31 اگست 2019 12:11

کنگسٹن ٹیسٹ کے پہلے روز بھارت نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا لئے، ویرات کوہلی اور میانک اگروال کی نصف سنچریاں
کنگسٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2019ء) ویسٹ انڈیز اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے مابین شروع ہونے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا لئے، ویرات کوہلی اور میانک اگروال نے نصف سنچریاں بنائیں، ہنومان وہاڑی 42 اور رشابھ پنٹ 27 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، جیسن ہولڈر نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

کنگسٹن میں شروع ہونے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بھارت کو پہلا نقصان 32 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب راہول 13 رنز بنانے کے بعد جیسن ہولڈر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے، چیتشوار پجارا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 6 رنز بنانے کے بعد کورنوال کا شکار بن گئے، اس موقع پر کپتان ویرات کوہلی اور میانک اگروال نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور 115 تک پہنچا دیا، اگروال 55 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، اجنکیا راہانے مجموعی سکور میں 24 رنز کا اضافہ کر سکے، ویرات کوہلی بھارت کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 76 رنز بناکر جیسن ہولڈر کی گیند پر ہیملٹن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، اس کے بعد ہنومان وہاڑی اور رشابھ پنٹ نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر ٹیم کا سکور 264 تک پہنچا دیا، وہاڑی 42 اور رشابھ پنٹ 27 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے تین جبکہ کیمار روچ اور کورنوال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

وقت اشاعت : 31/08/2019 - 12:11:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :