تھانوں اور پولیس دفاتر میں ریکارڈ مکمل نہ ہونے پر کارروائی ہوگی‘ سی سی پی او

وزیراعظم اور وزیراعلی پورٹل پر آنے والی شکایات پر بھی مقررہ وقت کے اندر ایکشن لیا جائے بین الاقوامی کرکٹ میچ کا انعقاد اور سری لنکا کی ٹیم کی سکیورٹی کی ذمہ داری اعزاز کی بات ہے‘ بی اے ناصر

ہفتہ 21 ستمبر 2019 22:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2019ء) سی سی پی او لاہور بی اے ناصر کی زیر صدارت اعلیٰ پولیس افسروں کے اجلاس کے دوران کرائم کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان، انعام وحید، ایس ایس پیز ذیشان اصغر، اطہر وحید، اسماعیل کھاڑک اور ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔ سی سی پی او نے کرائم کنٹرول سٹریٹجی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم کا سدباب کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ تھانوں اور پولیس دفاتر میں ریکارڈ مکمل نہ ہونے پر کارروائی ہوگی۔ عدالتی احکامات اور کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلی پورٹل پر موصول ہونے والی عوامی شکایات پر بھی مقررہ وقت کے اندر ایکشن لیا جائے۔

(جاری ہے)

پولیس ملازمین سے متعلق انکوائریز میں تاخیر نہ کی جائے۔ تھانوں اور دیگر مقامات پر سکیورٹی ڈیوٹی دینے والے پولیس جوان بلٹ پروف جیکٹ ضرور پہنیں۔

زیر حراست ملزموں کی صحت اور حقوق کا خیال رکھیں۔ اس موقع پر ایس پی سکیورٹی محمد نوید نے سری لنکا کرکٹ ٹیم کے سکیورٹی پلان پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سری لنکن ٹیم کے ائیرپورٹ سے قیام گاہ تک روٹ کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ سری لنکن ٹیم کی آمد سے پہلے تمام پولیس ڈویژنز میں کومبنگ آپریشن ہوگا۔ سی سی پی او نے کہا کہ کرکٹ میچ اہم ایونٹ ہے جس پر پوری دنیا کی نظریں لگی ہیں۔

لاہور میں بین الاقوامی کرکٹ میچ کا انعقاد اور سری لنکا کی ٹیم کی سکیورٹی کی ذمہ داری اعزاز کی بات ہے۔ سربراہ لاہور پولیس بی اے ناصر نے کہا کہ سکیورٹی کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔ شہر کے تمام علاقوں میں کومبنگ اور سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے درمیان مکمل رابطہ ہے۔ پولیس اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ انجام دے گی۔
وقت اشاعت : 21/09/2019 - 22:10:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :