حاملہ ہونے کے دوران 23 کلو وزن بڑھا لیا تھا، اور اب میں 26 کلو وزن کم کرچکی ہوں،ثانیہ مرزا

ہر روز ہم خود کو ایک یا دو گھنٹے دیں ورزش کریں تو یقیناً بہت مثبت فرق آئے گا، اولاد کی پیدائش کے بعد ان کے لیے وزن کم کرنا بیحد مشکل ہے، ان سے بس یہی کہنا چاہتی ہوں اگر میں کرسکتی ہوں تو آپ بھی کرسکتی ہیں،ٹینس سٹار/اہلیہ کرکٹر شعیب ملک

جمعرات 17 اکتوبر 2019 22:19

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2019ء) بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ حاملہ ہونے کے دوران 23 کلو وزن بڑھا لیا تھا، اور اب میں 26 کلو وزن کم کرچکی ہوں۔ ٹینس سٹار کو حاملہ ہونے کے بعد وزن بڑھنے کے باعث سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ثانیہ مرزا کے ہاں گزشتہ سال اکتوبر میں بیٹے کے پیدائش ہوئی تھی، جس کے دو ماہ بعد سے ہی انہوں نے وزن کم کرکے دوبارہ فٹ ہونے کی جدوجہد کا آغاز کردیا تھا۔

انہوں نے گزشتہ سال سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعلان کیا تھا کہ بیٹے کو جنم دینے کے ٹھیک دو ماہ بعد انہوں نے جم جانا شروع کردیا تھا۔32 سالہ ثانیہ مرزا نے اپنے وزن کم کرنے کے عمل کو سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ بھی شیئر کیا۔انسٹاگرام پر شیئر کردہ ایک ویڈیو میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ 'ہر کوئی مجھ سے یہ سوالات پوچھ رہا ہے کہ میں نے وزن کم کیسے کیا میں بیٹے کی پیدائش کے بعد سے وزن کم کرنے کے اپنے عمل کو ریکارڈ کررہی تھی جو اب میں مداحوں کے ساتھ شیئر کررہی ہوں، میں نے حاملہ ہونے کے دوران 23 کلو وزن بڑھا لیا تھا، اور اب میں 26 کلو وزن کم کرچکی ہوں'۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ 'اگر ہر روز ہم خود کو ایک یا دو گھنٹے دیں اور ورزش کریں تو یقیناً بہت مثبت فرق آئے گا'۔اس ویڈیو کے بعد سے ثانیہ ہر دن کی ورزش کی ویڈیو مداحوں سے شیئر کرتی اور بتاتی کہ وہ کون کون سی ورزش کررہی ہیں اور ان کا وزن کس طرح کم ہورہا ہے۔ثانیہ نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ 'میں ہر روز خواتین کی جانب سے بھیجے ایسے پیغامات پڑھتی ہوں جو بتاتی ہیں کہ اولاد کی پیدائش کے بعد ان کے لیے وزن کم کرنا بیحد مشکل ہے، میں ان سے بس یہی کہنا چاہتی ہوں کہ اگر میں کرسکتی ہوں تو آپ بھی کرسکتی ہیں'۔یاد رہے کہ ثانیہ مرزا کی شادی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کے ساتھ اپریل 2010 میں ہوئی تھی۔
وقت اشاعت : 17/10/2019 - 22:19:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :