ورلڈ یوتھ چمپئن سید عماد علی نے یونیورسل ٹرافی اسکریبل ٹورنامنٹ کی ٹرافی پر اپنا قبضہ جمالیا

منگل 22 اکتوبر 2019 00:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2019ء) ورلڈ یوتھ چمپئن سید عماد علی نے یونیورسل ٹرافی اسکریبل ٹورنامنٹ کی ٹرافی پر اپنا قبضہ جمالیا۔ قومی چیمپئن حشام ہادی خان نے دوسری پوزیشن حاصل کی،ایونٹ کے اختتام پرملائیشیا میں ہونے والے ویسپا یوتھ کپ کیلئے 15 رکنی پاکستانی ٹیم کا انتخاب بھی کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے جنریشن اسکول میں ہونے والے دو روزہ ٹورنامنٹ میں سید عماد علی نے صہیب ثناء اللہ کی برتری کا خاتمہ کرتے ہوئے دوسرے روز عمدہ کارکردگی دکھائی۔

عماد علی نی18 میں سی14 میچز جیتے اور1710 کے اسپریڈ اسکور کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔قومی چیمپئن حشام ہادی خان نے 12میچز جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ علی راشد نے دوسرے روز شاندار کم بیک کیا اور 18 میں سی7 میچز جیت کر تیسرے نمبر پر رہے۔

(جاری ہے)

ڈویژن بی میں اذلان قاضی نے 14 فتوحات اور635 کے اسپریڈ اسکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ شان عباس12 میچز میں کامیابی کے ساتھ رنر اپ رہے ۔

ڈویژن اے کے ٹاپ ٹین پلیئرز آئندہ ماہ ملائیشیا میں ہونے والے ویسپا یوتھ کپ کیلئے پاکستان ٹیم میں منتخب ہوگئے جن میں سید عماد علی، حشام ہادی خان، علی راشد، صائم وقار، طحہ مرزا، مونس خان، باسل خان، مصباح الرحمن اورحمزہ نعیم شامل ہیں۔ ڈویژن بی سے ٹاپ پانچ کھلاڑیوں نے ٹیم میں جگہ بنائی ان میں اذلان قاضی، شان عباس، انس فرحان، بلال اشعر اورکامران احمد شامل ہیں۔ مہمان خصوصی فیصل اشرف نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ پاکستان ٹیم ویسپا یوتھ کپ میں ٹائٹل کے دفاع کیلئے نومبر کے آخر میں ملائیشیا روانہ ہوگی۔
وقت اشاعت : 22/10/2019 - 00:06:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :