شاداب خان کی ناقص فارم کے باعث عثمان قادر کو منتخب کیا :مصباح الحق

عثمان قادر کو آسٹریلیا میں کھیلنے کا تجربہ بھی ہے :ہیڈ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 28 اکتوبر 2019 11:24

شاداب خان کی ناقص فارم کے باعث عثمان قادر کو منتخب کیا :مصباح الحق
سڈنی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28اکتوبر2019ء) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ شاداب خان کی فارم بدستور پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے۔سڈنی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران لیگ سپنرعثمان قادر کی شمولیت کے سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے شاداب خان پر انحصار کر رہے تھے، اس وقت وہ تھوڑا سا آﺅٹ آف فارم ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں مزید لیگ سپنرز تلاش کر رہے تھے، 3، 4 نظروں میں آئے، ان میں سے عثمان قادر کو آسٹریلیا میں کھیلنے کا تجربہ پیش نظر رکھتے ہوئے منتخب کیا۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ عثمان قادر کی قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں کارکردگی بھی اچھی رہی، نوجوان سپنر گگلی اور فلپر سمیت لیگ سپن باﺅلنگ کے ہتھیاروں سے مزین ہیں جب کہ شاداب خان کی فارم بدستور پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستانی ٹی ٹونٹی ٹیم آسٹریلیا پہنچ گئی ہے ۔گرین شرٹس بابر اعظم کی قیادت میں ہفتہ کی صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سڈنی کیلئے اڑان بھری تھی، طویل سفر کے بعد پاکستانی ٹیم نے کینگروز کے دیس میں ڈیرے ڈال دیے، اب کھلاڑیوں کی نظریں جمعرات کو آسٹریلین الیون کے خلاف پریکٹس میچ پر مرکوز ہیں، دورے کے دوران پاکستانی ٹیم میزبان آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی، پہلا مقابلہ 3 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلا جائے گا۔

دوسرے میچ میں دونوں ٹیمیں 5نومبر کو کینبرا میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی جبکہ سیریز کا آخری میچ 8 نومبر کو پرتھ میں شیڈول ہے۔ ادھرکپتان بابراعظم میزبان ٹیم کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے ٹیم میں جونیئرز اور سینئرز کا امتزاج ہے اور اچھی کرکٹ کھیلیں گے اور جیتیں گے۔
وقت اشاعت : 28/10/2019 - 11:24:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :