اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ: محمد حسنین کی تباہ کن باوٴلنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو 90رنز سے شکست دے دی

فاسٹ باوٴلر محمد حسنین کے 6 شکار، عماد بٹ کی ذمہ دارانہ بیٹنگ

پیر 18 نومبر 2019 14:25

اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ: محمد حسنین کی تباہ کن باوٴلنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو 90رنز سے شکست دے دی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 نومبر2019ء) بنگلہ دیش میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو90رنزسے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 183 رنزبناکر آوٴٹ ہوگئی۔ آلراوٴنڈر عماد بٹ 44 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 93 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

محمد حسنین نے تباہ کن باوٴلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 19 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کاکس بازار بنگلہ دیش میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے مشکل کنڈیشنز کے باعث قومی ایمرجنگ ٹیم کے کپتان سعود شکیل سمیت ابتدائی 3 کھلاڑی محض 31 اسکور پر آوٴٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

روحیل نذیر اور سیف بدر کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 49 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ روحیل نذیر 37 اور سیف بدر 16 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے، جس کے بعد عماد بٹ اورخوشدل شاہ نے قدرے تیز کھیل کا مظاہرہ کیا۔ عماد بٹ نے 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 44رنز کی اننگز کھیلی۔ خوشدل شاہ کی 32 رنز پر مشتمل اننگز میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ قومی ایمرجنگ ٹیم 49.5 اوورز میں 183 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے فرنینڈو نے 3وکٹیں حاصل کیں۔
184 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن اپ محمد حسنین کی تیز رفتار باوٴلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ محمد حسنین نے حریف ٹیم کے اوپنر بھنوکا کو 15 کے مجموعی اسکور پر آوٴٹ کرکے میچ میں پہلی وکٹ حاصل کی۔ دوسری وکٹ کے لیے نیسانکا اور ہسیتا نے پاکستان ایمرجنگ ٹیم کے باوٴلرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ بھی 45 رنز کی شراکت کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

نیسانکا نے 34 اور ہسیتا نے 22 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کے آوٴٹ ہوتے ہی فاسٹ باوٴلر محمد حسنین نے شاندار باوٴلنگ کا مظاہرہ کیا اور31ویں اوور میں محض93 رنز پر حریف ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔ محمد حسنین نے 19 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ عمر خان اور خوشدل شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ میں عمدہ باوٴلنگ کا مظاہرہ کرنے پر فاسٹ باوٴلر محمد حسنین کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
قومی ایمرجنگ ٹیم ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ 18نومبر کو اومان کے خلاف کھیلے گی۔
وقت اشاعت : 18/11/2019 - 14:25:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :