30 ای روزگار سینٹرز قائم کردیئے ہیں ای روزگار کا دائرہ پورے پنجاب میں پھیلایا جائیگا‘رائے تیمور خان بھٹی

نجی تعلیمی شعبے کو ای روزگار سینٹرز بنانے کیلئے پی آئی ٹی بی تکنیکی مدددے گا،حکومت پنجاب منصوبے کی کامیابی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے

جمعرات 21 نومبر 2019 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2019ء) صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کی زیرصدارت جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ای روزگار پراجیکٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری سپورٹس و امور نوجوانان پنجاب ندیم محبوب، ڈی جی پی آئی ٹی بی ساجد لطیف، ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس بورڈ پنجاب جاوید چوہان اور دیگر افسران نے شریک کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ وزارت امور نوجوانان اور پنجاب انفارمیشن بورڈ کے تعاون سے صوبے میں 30 ای روزگار سینٹرز قائم کردیئے ہیں جو صوبے میں نوجوانوں کو ملازمت اور اپنا کاروبار کرنے کے مواقع فراہم کررہے ہیں، ای روزگار منصوبے کے تحت 64 ہزار نوجوانوں کو تربیت دی جاچکی ہے، لاہور میں منصوبے کے حوالے سے میگا فری لانسنگ اینڈ یوتھ کنونشن منعقد کیا جائے گا، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ ای روزگار سینٹرز پورے پنجاب میں قائم کئے جائیں گے، تونسہ، ڈی جی خان اور رحیم یار خان میں ای روزگار سینٹرز تیار ہیں،ننکانہ صاحب،پاکپتن،جھنگ، چکوال، راجن پور اور بہاولنگر میں ای روزگار سینٹرز تیار ہورہے ہیں،ای روزگار سینٹرز کی افادیت بڑھانے کے لئے ان کا قیام سرکاری یونیورسٹیز اور کالجز میں لایا گیا ہے، نجی تعلیمی شعبے کو ای روزگار سینٹرز بنانے کیلئے پی آئی ٹی بی تکنیکی مدد فراہم کریگا، ای روزگار منصوبے پر مجموعی طور پر 870 ملین روپے مختص کئے گئے تھے، رواں برس کے بجٹ میں منصوبے کے لئے 180 ملین روپے رکھے گئے ہیں،حکومت پنجاب منصوبے کی کامیابی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سپورٹس و امور نوجوانان ندیم محبوب نے اجلاس کو بتایا کہ نوجوانوں کو اپنا کاروبار کرنے کے لئے لیڈر شپ کی تربیت دی جارہی ہے تاکہ نوجوان اپنا کاروبار خود چلائیں اور دوسرے نوجوانوں کو بھی ملازمتیں فراہم کریں، ای روزگار منصوبہ کے تحت نوجوانوں میں ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی تربیت دی جارہی ہے تاکہ وہ کامیابی سے اپنا کاروبار چلا سکیں، ہزاروں نوجوان اس پرواگرام سے استفادہ کرچکے ہیں اور کامیابی سے اپنا کاروبار چلا رہے ہیں۔

ڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے کہا ہے کہ وزارت امور نوجوانان سے مل کر نوجوانوں کی رہنمائی کررہے ہیں تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے اپنے کاروبار کو چلا سکیں، پی آئی ٹی بی نوجوانوں کی رہنمائی کے لئے ٹریننگ کورسز بھی کرارہا ہے جس میں نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق ان کی رہنمائی کی جاتی ہے۔
وقت اشاعت : 21/11/2019 - 20:35:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :