گرلز سکولز کھیلوں کے صوبائی مقابلے ،گرلز ہائی سکول شیخ البانڈی ایبٹ آباد کی مہراج جدون صوبائی چیمپئن بن گئیں

جمعرات 5 دسمبر 2019 23:41

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) گرلز سکولز کھیلوں کے صوبائی مقابلوں میں بیڈمنٹن کے فائنل میں گرلز ہائی سکول شیخ البانڈی ایبٹ آباد کی مہراج جدون مردان کی کھلاڑی کو شکست دیکر صوبائی چیمپئن بن گئی ہے۔ ایبٹ آباد کی ہونہار کھلاڑی مہراج جدون نے مسلسل دوسرے سال بیڈ منٹن کی صوبائی چیمپئن شپ کا تاج اپنے سر سجا لیا۔

صوبائی مقابلوں میں صوبہ کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ چیمپئن کا اعزاز جیتنے والے گرلز ہائی سکولوں کی ڈسٹرکٹ چیمپئن کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔بیڈ منٹن مقابلوں میں ایبٹ آباد کی نمائندگی گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شیخ البانڈی کی ڈسٹرکٹ چیمپئن مہراج جدون اور مہوش نذیر نے کی۔ اس جوڑی نے ڈبل مقابلوں کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی جبکہ سنگل مقابلوں میں مہراج جدون نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں سوات کو اور فائنل میں گرلز ہائی سکول مردان کو شکست دیکر مسلسل دوسرے سال بیڈ منٹن کی صوبائی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی چیمپئن شپ جیتنے کے بعد جمعرات کو سکول پہنچنے پر صوبائی چیمپئن اور ان کی کوچ انچارج اساتذہ کا شاندار استقبال کیا گیا۔ سکول کی پرنسپل نے کھلاڑیوں اور ان کی انچارج اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی چیمپئن کا ٹائٹل جیت کر مہراج جدون نے ضلع ایبٹ آباد کا نام سارے صوبہ میں روشن اور شیخ البانڈی سکول کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

بیڈمنٹن کی ہونہار کھلاڑی کے والد بابو اورنگزیب خان جوخود بھی محکمہ تعلیم سے وابستہ ہے، نے اپنی بیٹی کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بیٹی ملکی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے کر اپنے علاقہ کا نام روشن کرنا چاہتی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ سپورٹس بورڈ اور حکومتی ادارے اس طرح کی باصلاحیت کھلاڑیوںکو سہولیات فراہم کرے اور ان کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے۔
وقت اشاعت : 05/12/2019 - 23:41:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :