ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، قومی ہاکی ٹیم نے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں

پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو عمدہ کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں،عرصہِ دراز کے بعد پاکستان نے اس اہم ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی جوکہ انتہائی خوش آئند ہے۔ وزیرِاعظم شہبازشریف کا پیغام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 11 مئی 2024 21:00

ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، قومی ہاکی ٹیم نے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی 2024ء) وزیرِاعظم شہبازشریف نے قومی ہاکی ٹیم کو اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد ہیش کی اور کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، قومی ہاکی ٹیم نے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی پر قومی ہاکی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ جاپان کے خلاف بھی پاکستانی ٹیم نے فائنل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، قومی ہاکی ٹیم نے پوری قوم کے دل جیت لیے۔

(جاری ہے)

عرصہِ دراز کے بعد پاکستان نے قومی کھیل کے اس اہم ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت کھیلوں بالخصوص قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ یاد رہے پاکستان کی ہاکی ٹیم 13 سال بعد کسی بڑے ٹورنامنٹ کو جیتنے کے انتہائی قریب آ کر ہار گئی۔ جبکہ جاپان نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ جیت لیا۔ ہفتے کے روز کھیلے گئے فائنل کے فل ٹائم میں مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا، تاہم پاکستان پنالٹی شوٹ آوٹس پر ہمت ہار گئی۔

جاپان نے پاکستان کو 1 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا کر پہلی مرتبہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا۔ واضح رہے کہ پاکستان 13 سال بعد اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا تھا۔ اسی طرح چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے جاپان کواذلان شاہ ہاکی کپ 2024 کے فائنل میں فتح کی مبارکباد دیتے ہوئےکہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی پورے ٹورنامنٹ میں کارکردگی قابل تحسین رہی،وطن واپسی پر ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 11/05/2024 - 21:00:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :