وزیر اعظم کی مصروفیات کے باعث ہاکی ٹیم کے لیے رکھی گئی تقریب منسوخ

قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب اسلام آباد میں منعقد کی جائیگی جہاں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڈ اور چئیرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود ٹیم کا استقبال کریںگے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 12 مئی 2024 16:36

وزیر اعظم کی مصروفیات کے باعث ہاکی ٹیم کے لیے رکھی گئی تقریب منسوخ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 مئی 2024ء ) مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں اذلان شاہ کپ کا فائنل کھیلنے والی قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں رکھی گئی تقریب منسوخ کردی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی سرکاری و نجی مصروفیات کے باعث ہاکی ٹیم کے لیے رکھی گئی تقریب منسوخ کردی گئی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی تقریب سرکاری ٹی وی سے براہ راست نشر کرنے کا پلان بنایا گیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی جہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڈ اور چئیرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان قومی ٹیم کا استقبال کریں گے۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مدعو کیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے قومی ہاکی ٹیم کے لیے 20 لاکھ روپے جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پاکستان ہاکی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو ایک، ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں پاکستان نے جاپان سے عمدہ مقابلہ کرکے قوم کے دل جیت لئے، ٹورنامنٹ میں سلور میڈل حاصل کرنے پر پاکستانی ہاکی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ وزیر کھیل پنجاب فیصل کھوکھر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں سلطان اذلان شاہ کپ میں عمدہ کارکردگی پر قومی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ‏ جذبے، جوش، ولولے اور محنت سے قومی ٹیم نے اذلان شاہ کپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ نے قومی ہاکی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد کے دروازے ہمیشہ قومی ہاکی ٹیم کے لیے کھلے ہیں اور سندھ حکومت اپنے قومی کھیل کی بہتری کے لیے اچھے اقدامات کر رہی ہے۔
وقت اشاعت : 12/05/2024 - 16:36:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :