ٹیسٹ کپتان اظہر علی کا بیٹ 2 سال سے خاموش

23.63کی اوسط سے صرف638رنز بنائے،16بار 15سے زیادہ رنز بھی نہ کرسکے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 19 دسمبر 2019 11:28

ٹیسٹ کپتان اظہر علی کا بیٹ 2 سال سے خاموش
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19دسمبر 2019ء) ٹیسٹ کپتان اظہر علی کا بیٹ رنز اگلنا بھول گیا،گذشتہ 2سال میں27ٹیسٹ اننگز میں صرف 638رنز ہی بنا سکے ، 14بار اننگز 10سے آگے نہیں بڑھ پائی۔اظہر علی کی بیٹنگ مسلسل زوال پذیر ہونے کے باوجود انھیں قومی ٹیسٹ ٹیم کاکپتان بنا دیا گیا ہے،گذشتہ 2سال کے دوران انھوں نے27اننگز میں 23.63کی اوسط سے صرف 638رنز ہی بنائے ہیں،ان میں سے 14بار اننگز 10سے آگے نہیں بڑھ پائی،مجموعی طور پر 16بار وہ15سے زائد سکور نہیں کرسکے۔

اظہر علی اب مسلسل 13اننگز میں ایک بار بھی نصف سنچری سکور نہیں کرسکے ہیں ،اس دوران وہ تین مرتبہ صفر کی خفت سے بھی دوچار ہوئے ہیں جب کہ 6مرتبہ ان کا سکور10رنز سے آگے نہیں بڑھ سکا،گزشتہ13ٹیسٹ اننگز کے دوران وہ محض12.46کی اوسط سے162رنز سکور کرسکے ہیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی مہمان ٹیم کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 18 رنز بنا لیے ہیں۔پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور اظہر عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شان مسعود پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز کی طرح دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی ناکام ثابت ہوئے اور 5 رن بنا کر بولڈ ہو گئے۔

قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی دوسری ہی گیند پر اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی بولڈ ہو گئے۔قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور بیمار عثمان شنواری کی جگہ یاسر شاہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔سری لنکن ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے اور زخمی کسن رجیتھا کی جگہ لیفٹ آرم اسپنر لستھ امبلدینیا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بارش اور خراب موسم کے باعث ڈرا ہو گیا تھا۔
وقت اشاعت : 19/12/2019 - 11:28:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :