کرکٹ آسٹریلیا کی عشرے کی بہترین ٹیم میں پاکستانی نظر انداز

ون ڈے میچوں میں عمدہ کارکردگی پر سعید اجمل قابل غور رہے تاہم راشد خان کا انتخاب ہوگیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 30 دسمبر 2019 16:28

کرکٹ آسٹریلیا کی عشرے کی بہترین ٹیم میں پاکستانی نظر انداز
سڈنی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30دسمبر 2019ء) کرکٹ آسٹریلیا کی عشرے کی بہترین ون ڈے ٹیم میں پاکستانی پلیئرز کو نظر انداز کر دیا گیا، اگرچہ سابق آف سپنر سعید اجمل سلیکشن کیلئے قابل غور ضرور سمجھے گئے مگر ان کی جگہ راشد خان کو منتخب کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے 2010ءسے 2019ءکے درمیان 50اوورز کے فارمیٹ میں بہترین کارکردگی کے حامل کرکٹرز پر مشتمل عشرے کی بہترین ٹیم کا انتخاب کیا گیا جس میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہو سکا حالانکہ بھارت کے تین پلیئرز روہت شرما،ویرات کوہلی اور مہندر سنگھ دھونی کی شمولیت ممکن بنائی گئی۔

واضح رہے کہ سابق پاکستانی آف سپنر سعید اجمل اس فہرست میں شامل ہونے کے قریب ضرور آئے جنہوں نے مقررہ مدت میں 157 وکٹیں حاصل کیں البتہ ان کے نام کا محض حوالہ ہی دیا جا سکا اور سپن بالنگ کی نشست پر افغان لیگ سپنر راشد خان نے قبضہ جما لیا کیونکہ سعید اجمل عشرے کے نصف مدت تک فعال رہنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے علیحدہ ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

ایشیائی خطے سے پاکستان واحد ملک ہے جس کا کوئی کھلاڑی کرکٹ آسٹریلیا کے معیار پر پورا نہیں اتر سکا کیونکہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور سری لنکا کے لاستھ مالنگا کو بھی فہرست میں جگہ دے دی گئی۔

جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا اور ابراہام ڈی ویلیئرز،آسٹریلیا کے مچل سٹارک،انگلینڈ کے جوز بٹلر اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کو بھی عشرے کی بہترین ون ڈے ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔حیران کن طور پر پاکستان کے علاوہ ویسٹ انڈیز کا کوئی کھلاڑی بھی اس ٹیم کا حصہ نہیں بن سکا۔
وقت اشاعت : 30/12/2019 - 16:28:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :