ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ: پی سی بی بلاسٹرز نے پی سی بی ڈائنامائٹس کو شکست دے دی

میچ میں آلرائونڈ کارکردگی دکھانے پر عالیہ ریاض پلیئر آف دی میچ قرار

جمعرات 9 جنوری 2020 21:32

ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ: پی سی بی بلاسٹرز نے پی سی بی ڈائنامائٹس کو شکست دے دی
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2020ء) سہ فریقی قومی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پی سی بی بلاسٹرز نے پی سی بی ڈائنامائٹس کو 25 رنز سے شکست دے دی، میچ میں آلرائونڈ کارکردگی دکھانے پر عالیہ ریاض کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری قومی ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پی سی بی بلاسٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔

اوپنر جویریہ خان نے 32 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

انہوں نے عائشہ نسیم کے ہمراہ 70 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی جس کے بعد آلرائونڈر عالیہ ریاض کے 27 رنز کی بدولت پی سی بی بلاسٹرز کی میچ میں پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی۔ پی سی بی ڈائنامائٹس کی جانب سے نشرہ سندھو اور کائنات امتیاز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پی سی بی ڈائنامائٹس کی ٹیم مطلوبہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر محض 119 رنز ہی بناسکی۔ پی سی بی ڈائنامائٹس کی جانب سے اوپنرناہیدہ خان اور ارم جاوید 35،35 رنز بناکرنمایاں رہیں۔ پی سی بی بلاسٹرز کی جانب سے عالیہ ریاض اور انعم امین نے 2،2 جبکہ نتالیہ پرویز، رامین شمیم اور ماہم طارق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 09/01/2020 - 21:32:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :