بنگلہ دیش کی جانب سے دورہ پاکستان ملتوی کیے جانے کا امکان

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے حتمی اعلان اگلے 48 گھنٹوں میں متوقع

Ahmad Tariq احمد طارق ہفتہ 11 جنوری 2020 23:15

بنگلہ دیش کی جانب سے دورہ پاکستان ملتوی کیے جانے کا امکان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 جنوری 2020ء) بنگلہ دیش کیخلاف ہوم سیریز کا انعقاد مشکل میں پڑگیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کی سیریز کچھ عرصے کیلئے ملتوی ہوسکتی ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کا اجلاس کل بروز اتوار کو ڈھاکہ میں منعقد ہوگا۔ ذرائع سے خبریں موصول ہورہی ہیں کہ بنگلہ دیش کوکٹ بورڈ دورہ پاکستان کے حوالے سے کل تک حتمی فیصلہ کرلے گا، اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ خطے کی کشیدہ صورتحال کا بہانہ کرکے سیریز کو کچھ عرصے کیلئے ملتوی کرسکتا ہے۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کیا ہوا، بلکہ اس سے قبل بھی کئی دفعہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی کا بہانہ کرکے پاکستان کو دورہ کرنے سے انکار کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں پاکستان کو 2 ٹیسٹ جبکہ 3 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنا تھی لیکن بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کردیا اور مؤقف اپنایا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال اتنی اچھی نہیں کہ ہم لوگ پوری سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کریں، اسی لیے ہم لوگ پہلے ٹی ٹونٹی سیریز کھیل کر سیکیورٹی کا جائزہ لیں گے اور پھرٹیسٹ سیریز کھیلنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی کا جائزہ لینا ہے تو پہلے 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آجائیں، ٹی ٹونٹی سیریز بعد میں کھیل لیں گے۔ تاہم اب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ خطے کی کشیدہ صورتحال کا بہانہ کرکے سیریز کو کچھ عرصے کیلئے ملتوی کرسکتا ہے۔
وقت اشاعت : 11/01/2020 - 23:15:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :