قومی ٹی ٹونٹی ٹیم میں واپسی پرمحمد حفیظ اور شعیب ملک کے درمیان مکالمہ

سلیکشن کا معیار عمر نہیں بلکہ کارکردگی ہے، محمد حفیظ ًبطور مڈل آرڈر بیٹسمین، کپتان بابراعظم سے بیٹنگ کا پریشر کم کرنا اصل ہدف ہے، شعیب ملک

بدھ 22 جنوری 2020 23:08

قومی ٹی ٹونٹی ٹیم میں واپسی پرمحمد حفیظ اور شعیب ملک کے درمیان مکالمہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2020ء) بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے تجربہ کار محمد حفیظ اورشعیب ملک کو قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ 39 سالہ محمد حفیظ اور 37 سالہ شعیب ملک مجموعی طور پر200 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کے تربیتی کیمپ کے دوران دونوں سینئر کرکٹرز کے درمیان خصوصی مکالمہ ہوا۔

اس موقع پر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ ہوم گراؤنڈ پر میچ کھیلنے کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹی ٹونٹی ٹیم میں واپسی "کم بیک" نہیں بلکہ وہ اسیاپنے کیرئیر میں ایک بار پھر "ڈیبیو" کے مترادف سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں شمولیت کا معیار عمر نہیں بلکہ کارکردگی ہے اور وہ اسی بنیاد پر ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے شعیب ملک نے کہا کہ وہ عمر کو صرف ایک ہندسہ سمجھتے ہیں اور اس تناظر میں ہونے والی تنقید سے فکر مند نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2دہائیوں سے انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کررہیہیں اور اس دوران حاصل ہونے والا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں تک پہنچانے کا یہ بہترین وقت ہے۔ اس موقع پر محمد حفیظ کی جانب سے کیے گئے سوال پر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ وہ بطور مڈل آرڈر بیٹسمین عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ بیٹنگ کے دوران کپتان بابراعظم پر پریشر کم ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ بابراعظم پاکستان ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک میچ ونرکھلاڑی ہیں۔ شعیب ملک کے جواب کو سراہتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں ٹاپ آرڈر بلے باز کی کارکردگی میچ میں اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود طرز کی کرکٹ میں ٹاپ آرڈر بیٹسمین پرپریشر کم ہو تو وہ بہتر انداز سے اننگز کو آگے بڑھاسکتا ہے۔

اس حوالے سے دونوں سینئر کھلاڑیوں نے اتفاق کیا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 میں پاکستان کی ٹیم متاثر کن کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتی ہے۔انہوں نیکہا کہ قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز پر مشتمل ہے، بطور سینئر کھلاڑی وہ گراؤنڈ میں ذمہ داری نبھانیکے لیے سب سے آگے ہوں گے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 24 جنوری بروز جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 22/01/2020 - 23:08:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :