کبڈی ورلڈ کپ :بھارتی حکومت کا اپنی ہی ٹیم سے اظہار لاتعلقی

بھارت کی طرف سے سرکاری سطح پرکوئی ٹیم پاکستان نہیں بھیجی گئی: صدر بھارتی پنجاب کبڈی فیڈریشن سکندر سنگھ ملو کا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 10 فروری 2020 18:03

کبڈی ورلڈ کپ :بھارتی حکومت کا اپنی ہی ٹیم سے اظہار لاتعلقی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10فروری2020ء) بھارت پاکستان دشمنی میں اندھا ہو گیا،کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان بھیجنے والے ٹیم سے ہی اظہار لاتعلقی کر دیا۔ کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیےبھارت کی قومی کبڈی ٹیم ہفتے کے روز واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچی ، تاہم بھارتی حکومت آگ بگولہ اوربوکھلاہٹ کا شکار نظر آ ئی اور بھارت نے پاکستان دشمنی میں اندھا ہو کر کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان بھیجنے والے ٹیم سے ہی اظہار لاتعلقی کر دیا۔

اسی سلسلہ میں بھارتی حکام کی طرف سے مضحکہ خیز بیانات سامنے آ رہے ہیں۔ بھارتی پنجاب کی کبڈی فیڈریشن کے صدر اورسابق وزیرکھیل سکندر سنگھ ملو کا نے کہا ہےکہ بھارت کی طرف سے سرکاری سطح پرکوئی ٹیم پاکستان نہیں بھیجی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی کبڈی ٹیم کے کوچ ہرپریت سنگھ کا کہنا تھا کہ کبڈی ٹیم کومختلف ممالک میں جانے کیلئے این اوسی کی ضرورت نہیں ہوتی ہےاور پہلے بھی کئی ممالک میں جانے سے قبل اجازت نہیں لی گئی۔

جس پر بھارتی مؤقف سامنے آیا کہ ہرپریت نے اپنے طور پر نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کیا جہاں سے 60افراد کو کبڈی ٹیم کے نام پر ویزہ جاری کیا گیا۔پاکستان سے کشیدہ تعلقات کی بنیاد پر اجازت لینا ضروری تھی، بھارت کی سرکاری سطح پر کوئی ٹیم ورلڈ کپ میں شامل نہیں اور یہ کھلاڑی "بھارت"کانام استعمال نہیں کر سکتے۔دوسری جانب بھارت نے این او سی کے بغیر پاکستان آنے کی اجازت دینے والے 2 سینئر امیگریشن افسروں کیخلاف انکوائری بھی شروع کردی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان آنے والی ٹیم بھارت کی قومی کبڈی ٹیم کو امرتسرسے اٹاری بارڈرتک سکیورٹی میں لایا گیا تھا۔واضح رہے کہ کبڈی ورلڈ کپ پاکستان میں 9 سے 16 فروری تک کھیلا جا رہا ہے جس میں بھارت سمیت 9 ممالک کی ٹیمیں شریک ہیں۔
وقت اشاعت : 10/02/2020 - 18:03:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :