پی ایس ایل5،کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو4وکٹوں سے شکست دیدی

اسلام آباد سیمی فائنلز سے باہر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 14 مارچ 2020 22:40

پی ایس ایل5،کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو4وکٹوں سے شکست دیدی
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14مارچ2020ء ) پی ایس ایل5 کے اہم میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی ۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے 137 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا،شرجیل خان 14 گیندوں پر 37 رنز بنا کر عاکف جاوید کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

بابر اعظم کے بلے کا جادو بھی نہ چل سکا اور وہ صرف 19 رنز بنا کر محمد موسی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے،کیمرون ڈیلپورٹ مشکل میں نظر آئے اور سست بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے کے بعد 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹیم کا اسکور 90 رنز تھا جبکہ کراچی کنگز کے کیمپ میں دباؤ آگیا اور مسلسل وکٹیں گرنے لگیں۔ افتخار احمد کی ناکامیوں کا سلسلہ جاری رہا اور 104 کے اسکور پر صرف ایک رن کا اضافہ کرکے پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

کراچی کنگز کے بلے باز سست روی کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہوئے اور کپتان عماد وسیم بھی 106 کے مجموعے پر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے لیے انہوں نے 34 گیندوں کا سامنا کیا۔چیڈوک والٹن نے 18 ویں اوور میں رومان رئیس کو ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر میچ کو آسان بنادیا تھا لیکن اگلی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ عمید آصف نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کے اوور میں بلند وبالا چھکا لگا کر میچ کو یک طرفہ کر لیا اور آخری اوور میں بھی چھکا لگا کر ٹیم کو کامیابی سے ہم کنار کرلیا،کراچی کنگز نے آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا کر میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا۔

شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل میزبان ٹیم کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔اہم کھلاڑیوں سے محروم اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے فل سالٹ اور رضوان حسین نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 35رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد رضوان کی 17رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔فل سالٹ اچھی فارم میں نظر آئے لیکن 59 کے مجموعی سکور پر عماد وسیم نے ان کی 25رنز کی اننگز کے آگے فل سٹاپ لگا دیا۔

پورے ایونٹ میں عمدہ کھیل پیش کرنے والے کپتان شاداب خان کا بلا اس مرتبہ رنز اگلنے میں ناکام رہا اور وہ بھی صرف 12رنز ہی بنا سکے۔حسین طلعت نے 37 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ کولن انگرام کے ساتھ مل کر سکور کو 97 تک پہنچا دیا لیکن ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ کیچ آؤٹ ہو کر پویلین واپسی پر مجبور ہوئے۔آصف علی کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ آخری راؤنڈ میچ میں بھی جاری ریا اور دو رنز بنانے والے بلے باز ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کر چلتے بنے،کولن انگرام بھی پوری اننگز میں بڑی شاٹ کے لیے سرگرداں نظر آئے اور 15 گیندوں پر صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز ہی بنا سکی، فہیم اشرف 12 اور ظفر گوہر 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگز کی جانب سے کرس جورڈن، عمید آصف، عماد وسیم، ارشد اقبال اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔۔اس سے قبل میچ کے لیے دونون ٹیموں میں تبدیلیاں کی گئی ہیں کیوں کہ دونوں ٹیموں کے متعدد غیرملکی کھلاڑی کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے چار کھلاڑی کولن منرو، لیوک رونکی، ڈیل سٹین اور ڈیوڈ ملان اب مزید ایونٹ میں حصہ نہیں سکیں گے جبکہ کراچی کنگز ایلکس ہیلز کی خدمات سے محروم ہو چکی ہے۔
وقت اشاعت : 14/03/2020 - 22:40:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :