کرونا وائرس کی تباہ کاریاں،کرکٹ کا میلہ سجنے سے پہلے ہی اجڑنے لگا

آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ایک سال کے لیے ملتوی ہونے کا امکان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 27 مارچ 2020 15:24

کرونا وائرس کی تباہ کاریاں،کرکٹ کا میلہ سجنے سے پہلے ہی اجڑنے لگا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27مارچ2020ء ) کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ کا میلہ سجنے سے پہلے ہی اجڑنے لگا،آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ایک سال کیلیے ملتوی ہونیکا امکان ہے،عالمی ایونٹس کے مستقبل پر مختلف آپشنز کا جائزہ لینے کیلیے ٹیلی کانفرنس آج ہورہی ہے، مختصر طرز کا میگا ایونٹ اگر 2021ء تک موخر کرنے پر اتفاق ہوا تو بھارت میں مختصر فارمیٹ کا ٹورنامنٹ2022ء میں کرانیکا آپشن بھی زیر غور آئیگا۔

دوسری جانب آئی سی سی کوالیفائرز کو ملتوی کر دیا گیا،16اپریل سے 30 جون تک شیڈول کوئی ایونٹ اب نہیں ہو سکے گا،ایشیا، یورپ اور افریقہ کے مختلف ملکوں میں کرکٹ میدان آباد کرنیکا خواب ادھورا رہ گیا،جنوبی افریقہ، ملائیشیا،فن لینڈ،نمیبیا وکویت میں ٹی ٹونٹی اور50 اوورز ورلڈکپ کے کوالیفکیشن مقابلوں کیلیے اچھے وقت کا انتظار کرنا ہوگا، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ٹرافی ٹور کا پلان بھی ملتوی کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلی نے کہاکہ ہمارے لیے کھلاڑیوں، سٹاف اور پرستاروں کا تحفظ مقدم ہے،ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے حکومتوں کی ہدایات کو اہمیت دے رہے ہیں، متبادل پلانز کے حوالے سے تفصیلات مناسب وقت پر جاری کردی جائیںگی،ہم پرامید ہیں کہ حالات ٹھیک ہونے پر کرکٹ واپس آئیگی اور شائقین مقابلوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے اولمپکس سمیت کھیلوں کے کئی بین الاقوامی مقابلے منسوخ ہو چکے ہیں، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ہے تاہم ابھی تک آئی سی سی نے اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا،البتہ ذرائع کے مطابق ایونٹ ایک سال کے لیے ملتوی ہونے کا امکان ہے،عالمی ایونٹس کے مستقبل پر مختلف آپشنز کا جائزہ لینے کیلیے ٹیلی کانفرنس جمعے کو ہو رہی ہے، مختصر طرز کا میگا ایونٹ اگر 2021ء تک موخر کرنے پر اتفاق ہوا تو بھارت میں مختصر فارمیٹ کا ٹورنامنٹ2022ء میں کرانے کا آپشن بھی زیر غور آئیگا، ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے لیگ کے میچز بھی ری شیڈول ہوسکتے ہیں، کونسل ٹورنامنٹس کے حوالے سے حتمی فیصلہ تمام سٹیک ہولڈرز سے تبادلہ خیال کے بعد کریگی۔

وقت اشاعت : 27/03/2020 - 15:24:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :