گوگل ڈوڈل کا سکواش کھلاڑی ہاشم خان کوخراج عقیدت

ہاشم خان نے 1951ء میں پہلی مرتبہ برٹش اوپن سکواش میں شرکت کی اورٹائٹل اپنے نام کرکے پہلی مرتبہ سکواش کورٹ میں سبزہلالی پرچم بلند کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 4 اپریل 2020 12:11

گوگل ڈوڈل کا سکواش کھلاڑی ہاشم خان کوخراج عقیدت
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4اپریل 2020ء ) سرچ انجن گوگل نے ڈوڈل کے ذریعے پاکستان کے مایہ ناز سکواش کھلاڑی ہاشم خان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سکواش کی دنیا میں پاکستان کا پرچم سربلند کرنے والے ہاشم خان کوگوگل ڈوڈل کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ 1914ء میں پیدا ہونے والے ہاشم خان کے والد عبداللہ خان پشاورمیں ایک کلب میں ملازمت کرتے تھے جہاں انگریزفوجی افسران سکواش کھیلا کرتے تھے۔

اسی دوران ہاشم خان کھلاڑیوں کے بال بوائے کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے لگے اورجب انگریزکھیل کرچلے جاتے تو وہ دیگر بچوں کے ہمراہ وہاں اسکوش کھیلا کرتے۔ 1942ء میں وہ برٹش ایئرفورس آفیسرزمیس میں سکواش کوچ بن گئے۔ 1944ء میں انہوں نے ممبئی میں ہونے والی پہلی آل انڈیا سکواش چیمپئن شپ اپنے نام کرکے تاریخ رقم کی اورمسلسل 3 سال تک اعزاز کا دفاع کیا۔

(جاری ہے)

قیام پاکستان کے بعد انہوں نے پاکستان فضائیہ میں ملازمت اختیارکرلی اور1949ء میں ہونیوالی پہلی قومی سکواش چیمپئن شپ اپنے نام کی۔ 1951ء میں انہوں نے پہلی مرتبہ برٹش اوپن سکواش میں شرکت کی اورٹائٹل اپنے نام کرکے پہلی مرتبہ سکواش کورٹ میں سبزہلالی پرچم کوبلند کیا، وہ 1951ء سے 1956ء تک مسلسل اور پھر 1958ء میں برٹش اوپن چیمپئن کے فاتح رہے۔ اس کے علاوہ وہ 5 مرتبہ برٹش پروفیشنل چیمپئن شپ جبکہ 3،3 مرتبہ یو ایس اوپن سکواش اور کینیڈین اوپن اپنے نام کرچکے ہیں۔ ہاشم خان 2014ء میں 100 سال کی عمر میں امریکا کے شہر آرورا میں دار فانی سے کوچ کرگئے تھے۔
وقت اشاعت : 04/04/2020 - 12:11:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :