حسن علی کرکٹ سے نہیں، جم ٹریننگ سے انجری کا شکار ہوئے، اظہر محمود

جم میں ٹریننگ کے دوران زیادہ وزن اٹھانے سے فاسٹ باؤلر حسن علی کمر تڑوا بیٹھے، سابق بائولنگ کوچ

منگل 7 اپریل 2020 20:59

حسن علی کرکٹ سے نہیں، جم ٹریننگ سے انجری کا شکار ہوئے، اظہر محمود
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) قومی ٹیم کے سابق باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے دعویٰ کیا ہے کہ نامناسب جم ٹریننگ کے سبب انجریز کا شکار حسن علی کی فٹنس اور ان کی ٹیم میں جگہ خطرے میں پڑ گئی ہے۔قومی ٹیم کے سابق باؤلنگ کوچ نے اپنے دور کو قابل اطمینان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں نتائج کافی بہتر تھے۔اظہر محمود نے دعویٰ کیا کہ جم میں ٹریننگ کے دوران زیادہ وزن اٹھانے سے فاسٹ باؤلر حسن علی کمر تڑوا بیٹھے۔

انہوںنے کہاکہ حسن علی گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلتے ہوئے انجری کا شکار نہیں ہوئے بلکہ انہیں یہ انجری جم میں ٹریننگ سیشن کے دوران ہوئی، حسن علی 130کلو گرام کا وزن اٹھا کر ویٹ لفٹ کر رہے تھے جبکہ یہی ایکسرسائز وہ اس سے قبل 100کلوگرام کا وزن اٹھا کر بھی کر چکے تھے۔

(جاری ہے)

ان کاکہنا تھا کہ میں کسی کا نام نہیں لے رہا لیکن حسن کے فٹنس مسائل کی اصل وجوہات بتا رہا ہوں۔

ماضی کے مشہور آل راؤنڈر نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو انجریز فرسٹ کلاس کے کم تجربے کے سبب ہو رہی ہیں کیونکہ آپ جتنی باؤلنگ کرتے ہیں اتنا ہی بہتر ہوتے چلے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فرسٹ کلاس اسٹرکچر اور کوکا بورا گیند کے ساتھ فاسٹ اور اسپن باؤلرز کو طویل اسپیل کرنے پڑتے ہیں تاہم یہ فاسٹ باؤلرز کے لیے اچھا بھی ہے۔اظہر علی نے فرسٹ کلاس نظام میں ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھا کر 10کرنے کی تجویز دی کیونکہ پاکستان کی آبادی کے لحاظ سے 6 ٹیمیں بہت کم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 فرسٹ کلاس ٹیموں کی موجودگی سے اچھا نظام بن جائے گا جس کے بعد نیچے موجود انڈر 19 اور انڈر 16 سطح سے میں باقاعدہ نظام کے ذریعے ٹیلنٹ مل سکتا ہے۔اظہر محمود نے تسلیم کیا کہ تابش خان جیسے ذہین فاسٹ باؤلر انتہائی باصلاحیت ہونے کے باوجود بدقسمتی سے پاکستان کی نمائندگی نہ کر سکے۔ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت باؤلنگ کوچ پاکستان ٹیم مینجمنٹ کا حصہ بنا تو ہم نے فرسٹ کلاس کے بہترین فاسٹ باؤلرز کو طلب کیا تھا اور تابش خان اور صدف حسین بھی ان میں شامل تھے تاہم بالآخر ہم نے مستقل مزاجی کے ساتھ طویل اسپیل کرنے کی صلاحیت پر محمد عباس کو منتخب کیا۔انہوں نے کہا کہ تاش ایک بہت ذہین باؤلر ہے لیکن بعض اوقات قسمت آپ کا ساتھ نہیں دیتی۔
وقت اشاعت : 07/04/2020 - 20:59:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :