جمی نیشم نے بند دروازوں میں کرکٹ بحالی کی حمایت کردی

کورونا سے نمٹنے کے بعد کھلاڑی نئے معمولات کو جلدی اپنا لیں گے :کیوی آل راؤنڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 18 مئی 2020 13:39

جمی نیشم نے بند دروازوں میں کرکٹ بحالی کی حمایت کردی
آکلینڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18مئی 2020ء ) کیوی آل راؤنڈر جمی نیشم نے کورونا وائرس کے باعث بند دروازوں میں کرکٹ بحالی کی حمایت کردی ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایسا نہیں لگتا کہ کھلاڑیوں کو خالی وینیوز پر کھیلنے میں کوئی مسئلہ درپیش ہوگا اور اگر سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بھی شائقین کے بغیر منعقد ہوتا ہے تو کھلاڑی بند دروازے میں کھیلنے کیلئے تیار ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کے باعث موجودہ حالات میں کئی کرکٹ بورڈ ز کو بغیر رینیو کے اپنے انتظامی معاملات چلانے کیلئے فنانشل چیلنجز کا سامنا ہے اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے بعد کھلاڑی مستقبل میں ہونیوالے میچوں کے دوران نئے معمولات کو جلدی اپنا لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ "یقینا ان تمام چیزوں پر غور کیا جاتا ہے جن کے ذریعے گراؤنڈ میں مداحوں کو رکھا جا سکتا ہے تاہم اس وقت کھیل کی بحالی ترجیح ہونی چاہئے ۔

(جاری ہے)

 یاد رہے کہ کرونا وائرس دنیا بھر میں بے قابو ہو گیا ہےاور مرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ 16 ہزار 673 ہو گئی ہے۔  امریکا میں مزید 865 افراد لقمہ اجل بن گئے، تعداد 91 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔ سب سے زیادہ 191 ہلاکتیں ریاست نیو یارک میں ہوئیں ۔ برطانیہ میں مزید 170 افراد ہلاک ہو گئے، تعداد 34 ہزار 636 ہو گئی۔ کورونا وائرس سے برازیل میں مزید 485، فرانس میں 483، میکسیکو میں 278، اسپین میں 87 اور روس میں 94 اموات ہوئیں۔ بھارت میں 151، ایران میں 51،ترکی میں 44 افراد وائرس کا شکار ہو گئے۔
وقت اشاعت : 18/05/2020 - 13:39:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :