خیبرپختونخوا والی بال ایسوسی ایشن صوبہ میں والی بال کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، خالد وقار

جمعہ 22 مئی 2020 11:57

خیبرپختونخوا والی بال ایسوسی ایشن صوبہ میں والی بال کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، خالد وقار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2020ء) خیبرپختونخوا والی بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری خالد وقار نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا والی بال ایسوسی ایشن صوبے میں والی بال کے فروغ کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں والی بال کا ٹیلنٹ دیگر صوبوں سے کہیں زیادہ ہے اور صوبہ کے کئی کھلاڑی قومی ٹیم میں شامل ہو کر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا والی بال ایسوسی ایشن ہر سال باقاعدگی سے اپنے تمام ایونٹس منعقد کرا رہی ہے لیکن اس بار کورونا وائرس کی وبا کے باعث ملک میں تمام کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہو چکی ہیں اور ہمیں بھی کورونا وائرس کے باعث اپنی تمام سرگرمیاں روکنا پڑیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں خالد وقار نے کہاکہ صوبہ میں ٹیلنٹ کا اس بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ آج بھی قومی ٹیم میں ہمارے دو، تین کھلاڑی شامل ہیں، اس وقت قومی ٹیم کا کپتان امل خان کا تعلق بھی خیبرپختونخوا سے ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے باعث پوری دنیا پریشان ہے اور اس سے بچنے کیلئے کھلاڑی گھروں پر ہی فزیکل فٹنس پر توجہ دیں اور ایسی ورزش کریں جس سے قوت مدافعت میں اضافہ ہو سکے۔
وقت اشاعت : 22/05/2020 - 11:57:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :