پاکستان کے نامور کھلاڑیوں کا قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

جمعرات 30 جولائی 2020 14:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2020ء) آئندہ ہفتے اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں شروع ہونے والی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل دیگر کھیلوں میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے عظیم کھلاڑیوں نے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہارکیا ہے۔ قومی کرکٹرز کے مارچ کے بعد پہلی مرتبہ جلوہ گر ہونے پرعالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں نے جہانگیر خان کی سربراہی میں پی سی بی پوڈکاسٹ کی چوبیسویں قسط کے ذریعے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے اپنی مکمل اسپورٹ کا اظہار کیا ہے۔

اسکواش کے لیجنڈ جہانگیر خان کا کہناہے کہ ایک اسپورٹس مین کی حیثیت سے انہیں احساس ہے کہ ایک کھلاڑی کو کووڈ۔ 19 کے دوران تیاری اور کھیل پر اپنی توجہ مرکوز رکھنے میں کن دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کو ہمیشہ سے ہی مشکل سیریز تصور کیا جاتا ہے ، موجودہ صورتحال میں تو اس سیریز کے دوران اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی عدم موجودگی بھی کھلاڑیوں کیلئے ایک چیلنج ہوگا مگر انہیں یقین ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم شاندار فائٹنگ اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین نتائج دیگی۔

ہاکی کے عظیم کھلاڑی شہباز سینئر کاکہنا ہے کہ وہ قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیائے کرکٹ میں پاکستان کا ایک خاص مقام ہے اور ان حالات میں جب پوری دنیا لاک ڈائون میں ہے ، یہ سیریزگھروں تک محدود تمام افراد کوتفریح کا ایک بہترین موقع فراہم کررہی ہے۔ٹینس سٹار اعصام الحق کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین پانچ اگست سے شروع ہونے والی سیریز کیلئے بہت پرجوش اوران کی نیک تمنائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں۔

سوئمر کرن خان نے کہا ہے کہ کسی بھی بریک کے بعد کھلاڑیوں کی گیم میں واپسی پر 100 فیصد کارکردگی کی گارنٹی نہیں دی جاسکتی۔اسنوکر کے سابق عالمی چیمپئن محمد آصف کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی بحالی سے دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں کے دوبارہ آغاز کی نوید ملتی ہے۔ قومی ریسلر انعام بٹ نے کہا ہے کہ اس وبائی صورتحال میں قومی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے بھیجنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایک احسن اقدام ہے۔اسکواش کے کورٹس میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی دو بہنوں، مدینہ ظفر اور عائشہ ظفر نے بھی انگلینڈ کیخلاف سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
وقت اشاعت : 30/07/2020 - 14:59:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :