دفاعی چیمپئن رافیل نڈال یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 2020ء نہیں کھیلیں گے

بدھ 5 اگست 2020 13:24

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) سپین کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار، عالمی نمبر دو اور دفاعی چیمپئن رافیل نڈال نے رواں ماہ کے آخر میں شروع ہونے والے دوسرے گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی وبائی بیماری کورونا وائرس قابو میں نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ میگا ایونٹ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ نہیں کھیلیں گے۔

اپنے ایک بیان میں رافیل نڈال نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں صحت کی صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے۔ 34 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال نے مزید کہا کہ میں یہ فیصلہ کبھی نہیں لینا چاہتا تھا لیکن میں نے اس بار اپنے دل کی پیروی کی ہے اور میں میگا ایونٹ یو ایس اوپن میں شرکت کے لئے سفر نہیں کروں گا۔

(جاری ہے)

رواں سال کا دوسرا گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ31 اگست سے نیو یارک میں بند دروازوں کے پیچھے شروع ہوگا جس میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر موجود سپین کے رافیل نڈال نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

رافیل نڈال نے مزید کہا میں 2016ء میں ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے بعد پہلی بار کسی گرینڈ سلام ایونٹ میں شرکت سے محروم ہوں گا۔ عالمی نمبر ایک سربین ٹینس سٹار نوویک جوکووچ مردوں کی داخلی فہرست میں سرفہرست ہیں جبکہ امریکی عظیم ٹینس سٹار سرینا ولیمز بھی میگا ایونٹ میں شرکت کریں گی۔ریاست ہائے متحدہ امریکہ ٹینس ایسوسی ایشن (یو ایس ٹی ای) نے یو ایس اوپن سے قبل سنسناٹی ماسٹرز کو نیو یارک منتقل کیا ہے جو فلشنگ میڈو میں کھیلا جائے گا۔

سنسناٹی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ 22 اگست سے بلی جین کنگ ٹینس سینٹر میں شروع ہوگا جس کے فورا بعد ہی میگا ایونٹ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 31 اگست سے شروع ہوگا۔ دونوں ٹورنامنٹس بند دروازوں کے پیچھے شائقین کے بغیر کھیلے جائیں گے اور ایونٹس کے دوران کھلاڑیوں کو سخت اقدامات پر عمل کرنا ہوگا۔
وقت اشاعت : 05/08/2020 - 13:24:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :