سرفراز احمد نے انگلینڈ سے آخری ٹی ٹوئنٹی کھیلنے سے انکار نہیں کیا تھا،مصباح الحق

سابق کپتان اپنے مستقبل کے حوالے سے تھوڑی تشویش کا شکار تھے،ہم نے بات کرکے انھیں مطمئن کردیا: ہیڈ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 9 ستمبر 2020 12:12

سرفراز احمد نے انگلینڈ سے آخری ٹی ٹوئنٹی کھیلنے سے انکار نہیں کیا تھا،مصباح الحق
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 ستمبر 2020ء ) مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد نے انگلینڈ کیخلاف آخری ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے سے انکار نہیں کیا تھا۔ پی سی بی کی ایک آڈیو کلپ میں 46 سالہ ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر نے کہا کہ کھیلنے سے انکار کی کوئی بات نہیں تھی،مجھے علم تھا کہ کوئی پوری سیریز کے آخر میں میچ کھیل رہا ہو تو اضافی دباؤ ہوتا ہے کہ 19،20 نہ ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت بابر اعظم اور یونس خان نے سرفراز سے بات کی کہ بے فکر ہوکر کھیلو،تم نے پوری سیریز میں سخت محنت کی، کم از کم آخری میچ توکھیلنا چاہیے،اس بات کا دباؤ نہ لو کہ پرفارمنس میں کم بیشی ہوگئی تو اس کا مستقبل پر اثر پڑے گا، آپ ہمارے پلان کا حصہ ہیں،اس کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین مطمئن اور خوش ہوکر کھیلے۔

(جاری ہے)

  یاد رہے کہ گزشتہ دن ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کے دورہ انگلینڈ کا آخری میچ کھیلنے کو تیار نہ ہونے کی وجہ سامنے آ گئی، سرفراز احمد کو دورہ انگلینڈ کے دوران خدشہ تھا کہ سیریز کا آخری میچ کھلا کر ان کے کیریئر کو ختم کیا جا رہا ہے۔

سرفراز کو یونس خان نے سمجھایا اور مصباح نے یقین دہانی کرائی کہ ایک میچ میں ناکام بھی ہوئے تو بھی ٹیم کے لیے سیکنڈ وکٹ کیپر رہیں گے۔ دورہ انگلینڈ میں سرفراز احمد سے جوتے اٹھوانے والے معاملے پر بھی بہت تنقید ہوئی تھی۔کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سرفراز نے میچ کھیلنے سے انکار نہیں کیا تھا لیکن سرفراز کو تحفظات تھے، کسی بھی کھلاڑی کو اگر سیریز کا آخری میچ کھلایا جائے تو اس کو تشویش لاحق ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سرفراز کی جگہ وہ بھی ہوتے تو انھیں بھی یہ خدشہ ہوتا۔ سرفراز کو انھوں نے، یونس خان اور کپتان بابراعظم نے سمجھایا تو سرفراز کھیلنے کے لیے راضی ہوگئے تھے۔ یاد رہے کہ سابق کپتان سرفراز کو 11 ماہ بعد قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور انہوں ںے دورہ انگلینڈ کے دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک شعر شیئر کیا تھا کہ ’’اتنا چبھنے لگا ہوں سب کو چھرا تو نہیں، جانی جتنا بتاتے وہ میرے بارے میں اتنا برا بھی نہیں ہوں‘‘۔
وقت اشاعت : 09/09/2020 - 12:12:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :