ملک میں سنوکر کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے، صدر منور حسین شیخ

پیر 28 ستمبر 2020 12:26

ملک میں سنوکر کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے، صدر منور حسین شیخ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2020ء) پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس ای) کے صدر منور حسین شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں سنوکر کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث کھیل پانچ ماہ تک معطل رہے جس سے پوری دنیا سمیت ملک میں بھی کھیلوں کو بہت نقصان پہنچا اور اب کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث اب پہلی بار پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس ای) کے زیراہتمام 12ویں قومی رینکنگ سنوکر چیمپئن شپ (آج) منگل سے نیشنل بینک سپورٹس کمپلیکس، کراچی میں شروع ہو رہی ہے جس کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور ایونٹ میں قومی رینکنگ کے 32 کھلاڑیوں کے علاوہ تین جونیئر کھلاڑی بھی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں منور حسین شیخ نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومت اور سپانسر کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، حکومت کی جانب سے ملنے والی گرانٹ بہت کم ہے اس سے تو ایک ایونٹ بھی منعقد کروانا مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سپانسر دیگر کھیلوں کی طرح سنوکر کے کھیل کی ترقی کے لئے بھر پور کردار ادا کرے۔
وقت اشاعت : 28/09/2020 - 12:26:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :