دُبئی میں مقیم پاکستانی نے باسکٹ بال ڈربلنگ کا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

33 سالہ پاکستانی عظمت خان نے Mile Dribblingمیں امریکی شہری کا ریکارڈ توڑ کر گینز بک ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کروا لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 1 اکتوبر 2020 09:56

دُبئی میں مقیم پاکستانی نے باسکٹ بال ڈربلنگ کا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اکتوبر2020ء) دُبئی میں مقیم ایک پاکستانی نے ایک میل کی باسکٹ بال ڈربلنگ (باسکٹ بال کوزمین پر تھپتھپاتے ہوئے آگے دوڑتے جانا) میں عالمی ریکارڈ بنا کر اپنا نام گینز بک ورلڈ ریکارڈ میں درج کروا لیا۔ کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ عظمت خان نے باسکٹ بال کا تیز رفتار مائیل ڈربلنگ کا ریکارڈ 6 منٹ 1 سیکنڈ میں قائم کیا، جبکہ اس سے پہلے یہ عالمی ریکارڈ امریکی شہری ریڈمیک مینیگل کے پاس تھا جس نے یہ عالمی ریکارڈ 6 منٹ 39سیکنڈ میں بنایا تھا۔

عظمت خان نے سابقہ عالمی ریکارڈ 38 سیکنڈ کے بڑے مارجن سے توڑ کر سب کو حیران کر دیا۔ اس سے پہلے عظمت 10 میل کی باسکٹ بال ڈربلنگ میں بھی عالمی ریکارڈ بنا چکے ہیں۔ تاہم عظمت نے ثابت کر دیا کہ وہ اور ان جیسے کئی پاکستانی صلاحیتوں میں ترقی یافتہ ممالک کے بہترین ایتھلیٹس اور ریکارڈ ہولڈرز سے کسی لحاظ سے کم نہیں، بلکہ بڑھ کر ہیں۔

(جاری ہے)

عظمت خان نے یہ عالمی ریکارڈ ہفتے کے روز دُبئی کے الورقہ تھرڈ پارک کے سائیکلنگ پاتھ پر بنایا۔

عظمت کا کہنا تھا کہ انہوں نے نیا ریکارڈ قائم کرنے کے لیے اپنی تیاری کے دوران GWR گائیڈ لائنز کو فوکس کیے رکھا۔ جبکہ ریکارڈ بنانے کے دوران انہوں نے اپنے ساتھ دو ٹائم کیپرز،گواہان اور ٹریک آفیشل بھی رکھا ہوا تھا۔ جبکہ دو سائیکل سوار ان کی باسکٹ بال ڈربلنگ کے دوران اپنے موبائل فون کے کیمروں سے ویڈیو ریکارڈ کرتے رہے۔ عظمت خان دُبئی میں ہونے والے 3 کلومیٹر سے 42کلومیٹر تک کی پروفیشنل ریس مقابلے میں بھی شرکت کرتے رہے ہیں ۔

عظمت نے اس موقع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔ ” میں ان نئے ریکارڈز کوبنا کر لوگوں کو تحریک دینا چاہتا ہوں کہ وہ کچھ نیا کرنے کے لیے خود کو چیلنج دیں۔ دوڑ کے ساتھ ساتھ باسکٹ بال کی ڈربلنگ کرنا کوئی آسان کام نہیں تھا۔ خصوصاً موڑ کاٹتے وقت بال کو کنٹرول رکھنا خاصے مشکل مراحل تھے۔ کئی مواقع ایسے تھے جب میں باسکٹ بال پر اپنا کنٹرول تقریباً کھو بیٹھا تھا، تاہم بڑی مشکل سے اس چیلنج میں ناکامی سے بچ پانے میں کامیاب ہو گیا ہوں۔“
وقت اشاعت : 01/10/2020 - 09:56:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :