بھارت نے زمبابوے کے ہیڈ کوچ کو پاکستان آنے سے روک دیا

ٹیم کے ہیڈ کوچ لال چند راجپوت دورہ پاکستان میں شامل نہیں ہیں، ترجمان زمبابوے کرکٹ

منگل 20 اکتوبر 2020 23:24

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) بھارت نے اپنے شہریوں کے لیے قائم ٹریول ایڈوائزری کو بنیاد بنا کر زمبابوے کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ لال چند راجپوت کو پاکستان آنے سے روک دیا جس کے بعد زمبابوے کرکٹ نے لال چند کی عدم دستیابی میں قائم مقام کوچ کا تقرر کردیا۔زمبابوے کرکٹ ٹیم کی صبح تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے اسلام آباد پہنچی تاہم اسکواڈ کے ہمراہ ہیڈ کوچ لال چند راجپوت نہیں ہیں۔

زمبابوے کرکٹ کے ترجمان کے مطابق ٹیم کے ہیڈ کوچ لال چند راجپوت دورہ پاکستان میں شامل نہیں ہیں، ہرارے میں بھارتی سفارتخانے نے ہیڈ کوچ کو پاکستان نہ لے کر جانے کے لیے خط لکھا جس میں کہا گیا کہ لال چند بھارتی شہری ہیں لہٰذا انہیں بھارتی حکومت کی سفری گائیڈ لائنز کے مطابق ٹور میں شامل نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب زمبابوے کرکٹ نے بولنگ کوچ ڈوگلس ہونڈو کو اضافی ذمہ داریاں دیتے ہوئے سیریز کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہرارے میں پاکستان کے سفارتخانے نے لال چند راجپوت کو ویزہ جاری کیا تھا اور اسکواڈ کے ویزے کے لیے پی سی بی نے تما م تر سفری کلیئرنس کی دستاویزات زمبابوے کرکٹ کو بھی مہیا کی تھیں۔واضح رہے کہ لال چند راجپوت بھارت کی جانب سے 2 ٹیسٹ اور 4 ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں جب کہ کوچنگ کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔
وقت اشاعت : 20/10/2020 - 23:24:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :