میچ کے دوران سخت جملوں کے استعمال کی گنجائش نہیں، آسٹریلین کوچ

کھیل میں تفریح ،ہنسی مذاق کی گنجائش ہے پر غیراخلاقی زبان کے استعمال کی بالکل نہیں، جسٹن لینگر

جمعرات 26 نومبر 2020 13:58

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف سیریز میں سخت جملے بازی کی کوئی گنجائش نہیں۔کانفرنس کال کے دوران جسٹن لینگر نے کہا کہ کرکٹ سیریز کے دوران سخت جملوں کے استعمال کو بالکل بھی برداشت نہیں کریں گے، انکی ٹیم ماضی کی اس چیز سے آگے نکل چکی ہے،کھیل میں تفریح ،ہنسی مذاق کی گنجائش ہے پر غیراخلاقی زبان کے استعمال کی بالکل نہیں۔

آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کوچ نے کہا کہ ماضی میں انکی ٹیم کھیل کے دوران سخت جملوں کا استعمال کرنے کی وجہ سے بدنام تھی تاہم اب ایسا نہیں ہے، آسٹریلیا اور بھارت کے میچز لوگوں کو زبردست تفریح فراہم کریں گے۔رواں ہفتے آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے جارحانہ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے بھارت کے خلاف کرکٹ سیریز میں اپنے پلان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر میچز کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے ان سے چھیڑ چھاڑ کی یا جملے کسے تو وہ اس کا جواب غصے سے نہیں بلکہ اپنی کارکردگی سے دیں گے۔

(جاری ہے)

ماضی میں کئی بار آسٹریلیا اور بھارت کے کھلاڑیوں کے درمیان میچز میں غصے کا اظہار اور سخت جملوں کا تبادلہ ہوچکا ہے۔آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 3ون ڈے ،3ٹی ٹوئنٹی اور 4ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیمیں جمعہ کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سڈنی میں مدمقابل ہوں گی۔
وقت اشاعت : 26/11/2020 - 13:58:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :