نیشنل جونیئر ہاکی چیمپئن شپ میں خیبر پختونخوا نے بلوچستان کو شکست دیدی

جمعرات 3 دسمبر 2020 18:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2020ء) انڈر16 نیشنل جونیئر ہاکی چیمپئن شپ کے پانچویں روز مزید دو میچوں میں خیبر پختونخوا اے نے بلوچستان اے کو 0-5سے شکست دی جبکہ پنجاب ڈی اور سندھ بی کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔اس موقع پر اولمپئن منظور جونیئر مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ اولمپئن خالد حمید، صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر سید ظاہر شاہ، سیکرٹری ہدایت اللہ، کوچز یاسر اسلام، ضیاء اللہ بنور ی سمیت دیگرشخصیات موجود تھیں۔

قیوم سپورٹس کمپلیکس لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم میں جاری چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں خیبر پختونخوانے بلوچستان کو سنبلنے کا موقع نہیں دیا اور میچ کے آغاز سے ہی بلوچستان کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے ۔اور ساتویں منٹ میں ہی عثمان نے پینلٹی کارنر پر خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی۔

(جاری ہے)

تین منٹ بعد عثمان نے ہی ایک عمدہ مووکے بدولت فیلڈ گول کرکے کے پی کا سکور 0-2کردیا۔

20ویں منٹ میں 9نمبر کی شرٹ پہنے عثمان نے تیسرا گول کرکے ہیٹرک مکمل کی۔زیداہ تر میچ بلوچستان کے ہاف میں ہی کھیلا گیا۔چھ منٹ بعد حسن نے ایک بہترین گول کرکے سکور 0-4کردیا۔اس کے بعد 30منٹ تک بلوچستان اے کے دفاعی کھلاڑیوں نے خیبر پختونخوا کے فارورڈ کو روکے رکھے لیکن 56ویں منٹ میں کے پی کو ایک پینلٹی کارنر ملا جس پر ابراہیم نے گیند گول پوسٹ میں پھینک کر اپنی ٹیم کی برتری 0-5 کردی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

میچ کے ایمپائرز مظہر وسیم اور سبطین رضا تھے۔فیلڈ جیوری میں اعجاز احمد کھوکھر ،اسلم شاہ،ایم یعقوب اور فہد علی خان شامل تھے۔دن کا دوسرا میچ پنجاب ڈی اور سندھ بی کے درمیان کھیلا گیا جو کافی دلچسپ رہا اور آخری منٹ تک دونوں ٹیموں کے مابین زبردست مقابلہ جاری رہا۔اور اختتام تک میچ 2-2گول سے برابر رہا۔19ویں منٹ میں پنجاب کے احمد حسن نے فیلڈ گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی اگلے ہی منٹ میں احمد حسن نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کا سکور 0-2کر دیا۔27ویں منٹ میں سندھ کو پینلٹی کارنر ملا جس پر سعود ڈار نے گول کرکے برتری 1-2کر دی۔40ویں منٹ میں سندھ کے وینے نے پینلٹی کارنر پر گول کرکے میچ دو دو سے برابر کیا۔میچ کو عظیم اور مبشر علی نے سپروائز کیا۔
وقت اشاعت : 03/12/2020 - 18:51:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :