ڈیوڈ وارنر بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر

کینگرو اوپنر اپنی فٹنس پر کام جاری رکھنے کے لئے سڈنی میں ہی رہیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 9 دسمبر 2020 14:02

ڈیوڈ وارنر بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔9 دسمبر 2020ء ) کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر ایڈیلیڈ میں بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے اور میلبورن میں شیڈول باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں واپسی کی کوششیں کریں گے۔ ڈیوڈ وارنر بھارت کے خلاف دوسرے ون ڈے میں زخمی ہوگئے تھے اور مکمل فٹنس کے حصول کے لیے سڈنی میں رہیں گے جب کہ آسٹریلوی سکواڈ بدھ کے روز ایڈیلیڈ کا سفر کریں گے۔

ڈیوڈ وارنر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ انہوں نے مکمل فٹنس حاصل کرنے کے لیے محنت جاری رکھی ہوئی ہے اور ان کیلئے یہ بہتر ہے کہ وہ فی الحال سڈنی میں رہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چوٹ اس وقت بہتر محسوس ہورہی ہے تاہم انہیں ذہنی طور پر مطمئن ہونے کی ضرورت ہے اور ساتھیوں کو بھی بتانا ہوگا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے لیے تیار ہوں، ابھی میں محسوس کررہا ہوں کہ میں فٹنس کے لحاظ سے کھیلنے کے قابل نہیں ہوں تاہم 10 دن میں فرق پڑ جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈیوڈ وارنر کی عدم موجودگی آسٹریلیا کے لئے ایک بہت بڑا دھچکا ہے جو ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے لیے اپنے اہم کھلاڑی سے محروم ہوگیا ہے ۔ آسٹریلیائی ٹیم کے اوپننگ مسائل میں وارنر کے متبادل ول پکووسکی کی چوٹ کی وجہ سے اضافہ ہوا ہے جو منگل کو ہندوستان اے کے خلاف ٹور میچ کے دوران ہیلمٹ پر باؤنسر لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔ آسٹریلیا اور بھارت کے مابین ڈے نائٹ ٹیسٹ ایڈیلیڈ اوول میں 17 دسمبر سے شروع ہوگا جب کہ سیریز کے بقیہ میچز میلبورن ، سڈنی اور برسبین میں کھیلے جائیں گے ۔
وقت اشاعت : 09/12/2020 - 14:02:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :