پہلا ٹیسٹ، پاکستان نے کین ولیمسن کو آئوٹ کرنے کا سنہری موقع گنوا دیا

شاہین شاہ آفریدی کی ولیمسن کیخلاف ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل پرامپائر نےدھیان نہ دیا ، کپتان محمد رضوان نے ریویو نہ استعمال کیا،ری پلیز میں گیند بیٹ سے قبل پیڈ کولگنےکی تصدیق ہوئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 26 دسمبر 2020 12:57

پہلا ٹیسٹ، پاکستان نے کین ولیمسن کو آئوٹ کرنے کا سنہری موقع گنوا دیا
ماؤنٹ مونگانوئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 دسمبر 2020ء ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کے کیوی کپتان کین ولیمسن کو آئوٹ کرنے کا سنہری موقع گنوا دیا۔ ماؤنٹ مونگا نوئی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد رضوان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی کمی ضرور محسوس ہوگی لیکن تمام کھلاڑی اچھا کھیل پیش کرنے کے لیے پراعتماد ہیں۔

کیوی کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز ٹام لیتھم اور ٹام بلنڈل نے کیا لیکن شاہین شاہ آفریدی نے دونوں کھلاڑیوں کو 13 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

(جاری ہے)

دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کین ولیمسن اور راس ٹیلر وکٹ پر جم گئے اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 100 سے زائد رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

شاہین شاہ آفریدی نے 133 رنز پر راس ٹیلر کو بھی اپنا شکار بنایا، راس ٹیلر 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ان کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ کین ولیمسن اور ہینری نکولس نے نیوزی لینڈ کو مزید کسی نقصان سے محفوظ رکھتے ہوئے دن کے اختتام تک ٹیم کا سکور 222 رنز پہنچایا، ولیمسن 94 اور نکولس 42 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تینوں وکٹیں حاصل کیں۔

اننگز کے 85 ویں اوور کی پہلی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے کین ولیمسن کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل کی تاہم امپائر نے اس اپیل پر کوئی دھیان نہیں دیا ، کپتان محمد رضوان نے بھی مشورے کے بعد ریویو نہ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا کیوں کہ انہیں شک تھا کہ گیند پہلے بلے سے ٹکرائی ہے،ری پلیز میں یہ واضح ہوا کہ گیند بیٹ سے ٹکرانے سے قبل پیڈ کو چھو کر گئی ہے اور پاکستان کے ریویو لینے پر کیوی کپتان کو آئوٹ قرار دیا جاسکتا تھا۔
وقت اشاعت : 26/12/2020 - 12:57:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :