سرسبز پاکستان انڈر 19 پولو کپ 2020-21 کا فائنل (کل)کھیلا جائے گا

جمعہ 1 جنوری 2021 20:41

سرسبز پاکستان انڈر 19 پولو کپ 2020-21 کا فائنل (کل)کھیلا جائے گا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2021ء) جناح پولو اینڈ کنٹری کلب کے زیراہتمام سرسبز پاکستان انڈر 19 پولو کپ 2020-21 کا فائنل کل بروز (ہفتہ )کو سہ پہر 2.45 پر جے پی سی سی کولٹس اور ایل پی سی ریمنگٹن فارما کی ٹیموں کے مابین کلب کی مین گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔جناح پولو اینڈ کنٹری کلب کے سیکرٹری میجر (ر) بابر محبوب اعوان کے مطابق جونیئر ٹورنامنٹ میں 16 بچوں کی تعداد ایک حوصلہ افزاء بات ہے یہی بچے پاکستان پولو کا مستقبل ہیں ۔

دو جونیئر گرلز کھلاڑی بھی ٹورنامنٹ میں شریک رہیں ۔ سیکرٹری نے سپانسر ادارے فاطمہ گروپ کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ چار ٹیموں کے درمیان پورا ہفتہ اچھے میچز ہوئے فائنل جناح پولو اینڈ کنٹری کلب کی ٹیم اور لاہور پولو کلب کی ٹیم ریمنگٹن فارما کے درمیان جبکہ سب سڈری فائنل لاہور پولو کلب کی ٹیم اے او ایس اور لاہور گیریژن پولو کلب کی ٹیم سروس ٹائرز کے درمیان دوپہر ڈیڑھ بجے کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

جے پی سی سی کولٹس کی ٹیم میں فارس نور الدین، امین رحمان، مصطفی عزیز اور سید محمدتراب رضوی جبکہ ایل پی سی ریمنگٹن فارما کی ٹیم میں بازل فیصل کھوکھر، عمل رضا، نذر دین علی خان اور راجہ جلال ارسلان شامل ہیں۔لاہور پولو کلب کی ٹیم ریمنگٹن فارما کے کھلاڑی بازل فیصل کھوکھر کا کہنا تھا کہ جونیئر ٹورنامنٹ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے، اپنی عمر کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے سے بہت اچھا لگا۔

ریمنگٹن فارما کی ٹیم سیزن میں اچھا کھیل پیش کر رہی ہے اور مزید بہترکھیل پیش کرکے فائنل جیتنے کی کوشش کریں گے۔ جناح پولو اینڈ کنٹری کلب کولٹس کی ٹیم کے کھلاڑی امین رحمان کا کہنا تھا کہ پہلی بار انڈر 19 ٹورنامنٹ کھیل رہا ہوں بہت اچھا لگا۔ جناح پولو اینڈ کنٹری کلب نے بہت اچھے گرائونڈز اور انتظامات کیے ہیں، اس طرح کے ٹورنامنٹس سے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہیں۔
وقت اشاعت : 01/01/2021 - 20:41:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :