سرسبز پاکستان انڈر 19 پولو کپ ٹورنامنٹ ایل پی سی ریمنگٹن فارما کی ٹیم نے جیت لیا

ایل جی پی سی سروس ٹائرز کی ٹیم نے ایل پی سی اے او ایس کو 6-5 سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی

ہفتہ 2 جنوری 2021 20:12

سرسبز پاکستان انڈر 19 پولو کپ ٹورنامنٹ ایل پی سی ریمنگٹن فارما کی ٹیم نے جیت لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2021ء) جناح پولو اینڈ کنٹری کلب کے زیراہتمام سرسبز پاکستان انڈر 19 پولو کپ 2020-21 ء ٹورنامنٹ ایل پی سی ریمنگٹن فارما کی ٹیم نے جیت لیا۔ فائنل میں زبردست مقابلے کے بعد جے پی سی سی کولٹس کی ٹیم کو 7-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ادھر ایل جی پی سی سروس ٹائرز کی ٹیم نے ایل پی سی اے او ایس کو 6-5 سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق سرد موسم بھی جونیئر کھلاڑیوں کو زبردست پولو مقابلے میں شرکت سے نہ روک سکا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی پولو لیجنڈ عرفان علی حیدر تھے۔ اس موقع پر جنرل آفیسر کمانڈمیجرجنرل محمد رضا ایزد، صدر کلب لیفٹیننٹ کرنل (ر) شعیب آفتاب، سیکرٹری میجر (ر) بابر محبوب، سابق ٹیسٹ کرکٹر انضمام الحق، کامران اکمل، سہیل تنویر، فاطمہ گروپ کے ڈائریکٹرز علی مختار، عباس مختار اور تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

فائنل میچ کافی دلچسپ رہا۔ لاہور پولو کلب کی ٹیم ریمنگٹن فارما نے جے پی سی سی کولٹس کو 7-4 سے ہرا دیا۔ ایل پی سی ریمنگٹن فارما کی طرف سے راجہ جلال ارسلان نے شاندار کھیل پیش کیا اور چھ خوبصورت گول سکور کیے جبکہ بازل فیصل کھوکھر نے ایک گول سکور کیا۔ ہارنے والی جے پی سی سی کولٹس کی طرف سے امین رحمان نے دو، مصطفی عزیز اور سید محمد تراب رضوی نے ایک ایک گول سکور کیا۔

ادھر تیسری چوتھی پوزیشن کے میچ میں ایل جی پی سی سروس ٹائرز نے ایل پی سی اے او ایس کی ٹیم کو سڈن ڈیتھ پر پانچویں چکر میں 6-5 سے ہرا دیا۔ سروس ٹائرز کی طرف سے مخدوم مراد شاہ، یوسف رسول نے دو دو جبکہ عبداللہ فیصل اور موسی جاوید نے ایک ایک گول سکور کیا، ایل پی سی اے او ایس کی طرف سے حمزہ علی حکیم نے چار خوبصورت گول سکور کیے جبکہ محمد علی ملک نے ایک گول سکور کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ جونیئر پولو کھلاڑیوں نے زبردست کھیل پیش کرکے تماشائیوں کے دل جیت لیے۔ کامران اکمل کا کہنا تھا کہ میں اپنی فیملی کے ساتھ میچ دیکھنے آیا ہوں اور سرد موسم میں زبردست میچ دیکھ کر بچے اور میں بہت لطف اندوز ہوئے۔ سہیل تنویر کا کہنا تھا کہ دلچسپ پول میچ دیکھ کر بہت اچھا لگا۔جیتنے والی ٹیم کے کپتان بازل فیصل کھوکھر کے مطابق جونیئر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر بہت اچھا لگا مستقبل میں انڈر 19 کے زیادہ ایونٹس ہونے جائیں۔

ٹیم میں کھیلنے والی واحد لڑکی عمل رضا کا کہنا تھا کہ گرنے کے باوجود پولو کھیلنا بہت اچھا لگا ہے۔ مستقبل میں مزید پولو کے مقابلوں میں حصہ لوں گی اور اگلے سال کے انڈر 19 ٹورنامنٹ میں بھی حصہ لوں گی۔ ٹورنامنٹ جیت کر بہت اچھا لگا۔
وقت اشاعت : 02/01/2021 - 20:12:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :