دیپک ہوڈا کا کرونال پانڈیا پر ’غنڈہ گردی‘ کا الزام

پانڈیا میری ٹانگ کھینچنے کی کوشش کرنے کے ساتھ ساتھ بڑوڈا ٹیم سے نکالنے کی دھمکی بھی دے رہا ہے: آل رائونڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 11 جنوری 2021 14:31

دیپک ہوڈا کا کرونال پانڈیا پر ’غنڈہ گردی‘ کا الزام
احمد آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 جنوری 2021ء ) بڑودہ ٹیم کے نائب کپتان دیپک ہوڈا نے سید مشتاق علی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ دیپک ہوڈا نے کہا کہ کپتان کرونال پانڈیا کی جانب سے ان کے ساتھ گالی گلوچ کے بعد انہوں نے ٹیم سے نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 25 سالہ دیپک ہوڈا نے بڑودہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتظامیہ کو ای میل لکھی جس میں پانڈیا کے طرز عمل کو ’داداگیری‘ بتایا ہے ۔

ہوڈانے کہا کہ وہ موجودہ حالات میں اپنی صلاحیتوں کی بہترین کارکردگی دکھانے سے قاصر ہیں ۔ ہوڈا نے ای میل میں مزید کہا کہ ’میں مایوسی کا شکار ، افسردہ اور دباؤ کا شکار ہوں، پچھلے کچھ دنوں سے میری ٹیم کے کپتان کرونال پانڈیا میرے ساتھ پوری ٹیم اور دیگر ریاستی ٹیموں کے سامنے گالی گلوچ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہوڈا کے مطابق ہفتہ کے روز پانڈیا نے ان سے بدتمیزی کی، غلط زبان کا استعمال کیا اور ہیڈ کوچ پربھاکر بیرگونڈ کی اجازت کے باوجود انہیں پریکٹس کرنے سے روک دیا ۔

ہوڈا نے ای میل میں مزید لکھا کہ میں نے پانڈیا سے کہا کہ میں ہیڈ کوچ کی اجازت سے اپنی تیاری کر رہا ہوں جس پر انہوں نے کہا کہ ’میں کپتان ہوں ، ہیڈ کوچ کون ہوتا ہے، میں خود مکمل بروڈا ٹیم ہوں ، پھر اس نے داداگیری (غنڈہ گردی) دکھاتے ہوئے مجھے پریکٹس سے روک دیا۔ ای میل میں ہوڈا نے دعوی کیا کہ پانڈیا میری ٹانگ کھینچنے کی کوشش کرنے کے ساتھ ساتھ بڑوڈا ٹیم سے نکالنے کی دھمکی بھی دے رہا ہے ،اپنے کیریئر میں کبھی بھی ایسے ’غیر صحت بخش ماحول‘ کا تجربہ نہیں کیا تھا۔ میں ایک ٹیم مین ہوں اور ہمیشہ ٹیم کے لیے کھیلتا ہوں۔
وقت اشاعت : 11/01/2021 - 14:31:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :