ویرات کوہلی کو کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا

کوہلی کی زیرقیادت بھارت کو لگاتار چوتھی شکست،کچھ عرصہ قبل تک بھارتی کپتان شائقین کی آنکھوں کا تارا بنے ہوئے تھے مگر چند ناکامیوں کی وجہ سے ولن بن چکے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 10 فروری 2021 11:25

ویرات کوہلی کو کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا
چنائی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 فروری 2021ء ) ویرات کوہلی کی قسمت بھی انہیں دغا دینے لگی ، ان کی قیادت میں بھارتی ٹیم کو لگاتار چوتھے ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ویرات کوہلی نے چنائی میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے آخری روز 72 رنز بنائے مگر ٹیم کو 227 رنز کی بدترین ناکامی سے نہ بچا سکے، انہیں بین سٹوکس نے کلین بولڈ کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 3 برس میں پہلا موقع ہے جب کوہلی بولڈ ہوئے، آخری مرتبہ جنوری 2018ء میں انھوں نے اس انداز میں وکٹ گنوائی تھی۔

’بے صبرے‘ بھارتی شائقین کرکٹ کی نظروں سے ویرات کوہلی اترنے لگے ہیں ، انگلینڈ کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں شکست پر انھیں قیادت سے ہٹاکر ذمہ داری اجنکیا رہانے کو دینے کا مطالبہ کیا جانے لگا، حال ہی میں رہانے کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز1-2 سے اپنے نام کی تھی جبکہ کوہلی کو بطور کپتان مسلسل چوتھے ٹیسٹ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ کئی سال سے ویرات کوہلی بھارتی شائقین کی آنکھوں کا تارا بنے ہوئے تھے مگر ٹیم کی چند ناکامیوں کی وجہ سے ولن بن چکے ہیں ، سوشل میڈیا پر انھیں فوری طور پر کپتانی سے ہٹانے اور رہانے کو قیادت سونپنے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے۔ دوسری جانب انگلینڈ نے ایشیاء میں لگاتار چھٹی ٹیسٹ فتح حاصل کی،ان میں سے 5 کامیابیاں سری لنکا کے خلاف ہیں۔                                                    
وقت اشاعت : 10/02/2021 - 11:25:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :